مکہ مکرمہ میں خدمات کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں بارے رپورٹ کا اجرا
مکہ مکرمہ۔:مکہ چیمبر نے مکہ مکرمہ میں خدمات کی فراہمی میں جدت، عازمین حج و عمرہ اور دنیا بھر سے آنے والے زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لئے انفراسٹرکچر کی ترقی کے جاری منصوبوں بارے ” پلس آف بزنس ان دی ہولی کیپٹل” کے عنوان سے رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے اجرا میں مکہ چیمبر کی نمائندگی مکہ سینٹر فار اکنامک انفارمیشن اینڈ سٹڈیز نے کی۔ رپورٹ میں مکہ مکرمہ میں جاری مذکورہ بڑے منصوبوں کا جامع تجزیاتی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔
یہ منصوبے سعودی وژن سے ہم آہنگ ہیں۔ رپورٹ میں مقدس شہر میں شہری ترقی کی رفتار، اس کے اسلامی اور انسانی مقام اور ضیوف الرحمن کے لئے مخصوص بہتر خدمات کے نظام کی ترقی کے پختہ عزم کو اجاگر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں پورے سال کے دوران آنے والے زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو سمارٹ خدمات کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی کارکردگی کو مضبوط تر بنانے اور ان کے معیار زندگی کو بلند کرنے کی مساعی پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔
رپورٹ میں مکہ میں ترقی کے مستقبل کو تشکیل دینے والے متعدد سٹریٹجک ستونوں کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ ان میں سب سے زیادہ قابل ذکر حج و عمرہ کے نظام میں جدت ، لاجسٹکس اور ٹرانسپورٹ کے نیٹ ورکس کی ترقی، ڈیجیٹل سلوشنز اور سمارٹ انفراسٹرکچر میں توسیع، ماحولیاتی اور شہری پائیداری کا فروغ اور ضیوف الرحمن سے منسلک خدمات کے شعبوں کو زیادہ بااختیار بنانا ہیں۔
اس رپورٹ میں انفراسٹرکچر کی ترقی سے متعلق اشاریوں ، خدمات کی فراہمی میں ترقی، مسائل کے ٹیکنالوجی پر مبنی حل اختیار کرنے، اور لاجسٹکس اور ٹرانسپورٹ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے سلسلے کا خاکہ بھی شامل ہے۔
ان تمام اقدامات کا مقصد عازمین حج و عمرہ اور دنیا بھر سے آنے والے زائرین کے تجربے کو مجموعی طور پر بہتر بنانے کی کوشش کرنا اور اس کے ساتھ ساتھ مقدس شہر کی دنیا بھر سے لاکھوں زائرین کی میزبانی کی تیاری کو بہتر بنانا بھی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مکہ شہر کو ترقی کے متوازن اور پائیدار ماڈل کے مطابق ترقی دی جا رہی ہے۔
یہ ماڈل نہ صرف مقدس شہر کی اسلامی اور تاریخی شناخت کو محفوظ بناتا ہے بلکہ یہ خدمات کی فراہمی، سمارٹ انفراسٹرکچر اور پائیداری کو بھی اپناتا ہے جس سے دنیا بھر سے آنے والے اللہ کے مہمانوں کا خیر مقدم کرنے والے شہر کی حیثیت سے اس کی ساکھ بہتر ہوتی ہے۔
مکہ چیمبر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرپرسن عبداللہ صالح کامل نے کہا کہ یہ رپورٹ شہر مقدس میں ترقیاتی معلومات میں معاونت کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے ۔
یہ مستقبل کے رجحانات اور معاون اقدامات اور منصوبوں کے جائزہ کی صلاحیت رکھنے والے جامع معلومات کے ذرائع بھی فراہم کرتی ہے۔
ان منصوبوں کا مقصد مقدس شہر میں خدمات کی فراہمی اور عملی ماحول کو وسعت دینا ہے۔
مکہ چیمبر کے سیکرٹری جنرل ثمر بن احمد بازیم نے کہا کہ یہ رپورٹ مکہ میں ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالے سے سپشلائزڈ سٹڈیز کی سیریز کی پہلی کڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکہ چیمبر کی طرف سے فیصلہ سازی میں معاونت، ترقیاتی مکالمے میں گہرائی اور مکہ میں خدمات میں بہتری اور ترقی کے عمل میں شامل مختلف اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط تر بنانے کے حوالے سے بھی رپورٹس تیار کی جارہی ہیں۔
رپورٹ میں اس بات کو بھی اجاگر کیا گیا ہے کہ مکہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی جڑیں اس مقدس شہر کے انسانی مشن کے حوالے سے منفرد کردار میں پیوست ہیں۔
یہ منصوبے ضیوف الرحمن کو خدمات کی فراہمی میں بہتری اور مقدس شہر کی اسلامی اور تاریخی شناخت کے تحفظ اور دنیابھر سے سالانہ لاکھوں زائرین کا خیر مقدم کرنے والے شہر کے تاثر کو بہتر بنانے میں بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
