پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والی دشمن قوتیں بالآخر ناکام ہوں گی،فیلڈ مارشل
راولپنڈی۔:چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی مسلح افواج کے عوام کی بھرپور حمایت کے ساتھ ہرقسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے اورکہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کو پراکسیز اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والی دشمن قوتیں ریاست کی مضبوطی اور عوام کے اتحاد کے باعث بالآخر ناکام ہوں گی۔
منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر )سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات نےکوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں زیرِ تربیت افسران اور فیکلٹی ممبران سے خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے اعلیٰ تربیتی معیار، فکری صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا، جو اس ادارے کی نمایاں پہچان ہیں۔ انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ کالج کے فارغ التحصیل افسران اپنی غیر معمولی کارکردگی اور پیشہ ورانہ لگن کے ذریعے مسلسل نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے جدید جنگ کے تیزی سے بدلتے ہوئے انداز پر روشنی ڈالتے ہوئے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، ملٹی ڈومین آپریشنز، تینوں افواج کے باہمی اشتراک اور مستقبل کے میدانِ جنگ کے چیلنجز سے باخبر رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ خود کو اور اپنی افواج کو مسلسل تربیت دیں تاکہ جنگ کی بدلتی نوعیت کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے، جبکہ پیشہ ورانہ مہارت، تیاری اور آپریشنل برتری کے اعلیٰ ترین معیار برقرار رکھے جائیں۔
بعد ازاں، فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں تعینات فارمیشنز کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔ موجودہ سکیورٹی صورتحال کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کی بھرپور حمایت کے ساتھ ہرقسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
فیلڈ مارشل نے زور دیا کہ پاکستان کی تقدیر میں شامل ترقی کو پروپیگنڈا، جھوٹی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ذریعے روکا نہیں جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کو پراکسیز اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والی دشمن قوتیں ریاست کی مضبوطی اور عوام کے اتحاد کے باعث بالآخر ناکام ہوں گی۔
بلوچستان میں پائیدار امن و استحکام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ دیرپا ترقی کے لیے عوام دوست پالیسی، جامع ترقی اور بہتر طرزِ حکمرانی ناگزیر ہیں، جو سکیورٹی اقدامات کے ساتھ ساتھ ہونے چاہئیں۔
انہوں نے حکومتِ بلوچستان کی ان کوششوں کو سراہا جو عوامی فلاح، سماجی و معاشی ترقی اور ریاست و عوام کے درمیان تعلق کو مضبوط بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں امن، استحکام اور ریاستی رٹ برقرار رکھنے کے لیے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ عزم کو بھی سراہا۔قبل ازیں، کوئٹہ پہنچنے پر چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کورکمانڈر کوئٹہ نے کیا۔
