اماراتی تاجر سہیل الرزونی کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے مسجد سکینہ سلطان پر مبینہ قبضہ ختم کروانے کی اپیل

21 August 2026 | 12:52

کراچی: متحدہ عرب امارات کے بزنس ٹائیکون اور چیئرمین الزرونی گروپ سہیل محمد الزرونی نے اپنی والدہ مرحومہ سکینہ سلطان کے نام پر کراچی کی نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں تعمیر کی گئی مسجد سکینہ سلطان پر 3 سال بعد بھی مبینہ قبضہ نہ چھڑانے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے پُرزور اپیل کی ہے کہ وہ مسجد کا قبضہ واپس دلوانے میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان، یو ای اے دوستی کے رشتے کو مزید مستحکم بنائیں۔
سہیل محمد الزرونی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اپیل میں یہ یاد دہانی کروائی کہ 3 سال قبل جب مسجد سکینہ سلطان پر قبضہ ہوا تو انہوں نے اس وقت مدد کی درخواست کی تھی مگر آج 3 سال گزر جانے کے باوجود بھی مسجد کا قبضہ نہیں چھڑایا جاسکا۔ سہیل محمد الرزونی کے مطابق انہوں نے2006 میں اپنی والدہ کے نام سے سوسائٹی کے فیز 8 میں مسجد سکینہ سلطان تعمیر کی تھی۔
اماراتی بزنس ٹائیکون کا کہنا تھا کہ ہم نے مسجد پر قبضہ کے حوالے سے2024 میں چیف آف آرمی اسٹاف، کور کمانڈر سندھ، ڈی جی پاکستان رینجرز سندھ، آئی جی سندھ، وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ کو خطوط ارسال کیے مگر کوئی مثبت پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ان کا کہنا تھا کہ معزز عدالت نے مسجد کا قبضہ ہمیں دینے کے احکامات جاری کیے مگر قبضہ گروپ بار بار اپیل میں جاتا رہا اور اب تک یہ معاملہ حل طلب ہے۔
سہیل الزرعونی نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اماراتی تاجروں نے ہمیشہ پاکستان میں فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا لہٰذا اگر مسجد سکینہ سلطان پر قبضہ ختم نہ کروایا گیا تو اماراتی تاجروں کا اعتماد مجروح ہوگا اور پاکستان میں یقینی طور پر فلاحی کام متاثر ہوں گے۔