پاکستان ہائی کمیشن سنگاپور میں فلم ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ کی خصوصی نمائش
سنگاپور: پاکستان ہائی کمیشن سنگاپور نے پاکستانی فلم ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ کی خصوصی نمائش کا اہتمام کیا، خصوصی نمائش میں سفارت کاروں، حکومتی عہدیداران، کاروباری برادری، میڈیا نمائندگان اور پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔
ہائی کمشنر رابعہ شفیق نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سینما ثقافتی سفارت کاری اور عوامی روابط کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہے، فلمیں ممالک کو اپنا ثقافتی ورثہ، روایات اور عصری شناخت دنیا کے سامنے پیش کرنے کا مؤثر موقع فراہم کرتی ہیں۔
’’انہوں نے کہا کہ دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ ایک جدید سنیما کے ذریعے منفرد پاکستانی کہانی پیش کرتی ہے،دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے پاکستان سے باہر بھی شائقین کی بڑی تعداد کو متاثر کیا ہے، مشن سنگاپور کے عوام کو پاکستان کی ثقافت اور معاشرے سے روشناس کرانے کی کوششیں کر رہا ہے۔

ہائی کمشنر رابعہ شفیق نے مزید کہا کہ فلموں کے ذریعے پاکستان کی ثقافت اور کہانیوں کو اجاگر کرنا ایک شاندار ذریعہ ہے، ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ بلال لاشاری کی ہدایت کاری میں بننے والی پاکستانی سنیما کی نمایاں فلم ہے۔فلم میں فواد خان، ماہرہ خان اور حمزہ علی عباسی نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔
فلم میں پنجاب کے ثقافتی پس منظر میں عزت، بہادری، وفاداری، انصاف اور رقابت جیسے عالمگیر موضوعات کو اجاگر کیا گیا ہے، ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ میں پاکستان کا ثقافتی ورثہ، موسیقی، ملبوسات اور فلمی صلاحیتیں نمایاں کی گئی ہیں، مہمانوں نے فلم کی شاندار اداکاری، بصری پیشکش اور موسیقی کو سراہا۔
فلم کی خصوصی نمائش پاکستان اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے کی تقریبات کا حصہ تھی، شرکاء نے پاکستانی سنیما کی اہم فلم دیکھنے کا موقع فراہم کرنے پر پاکستان ہائی کمیشن سے اظہار تشکر کیا، مہمانوں نے فلم کے اعلیٰ معیار کی پروڈکشن اور دلچسپ کہانی کو سراہا.۔
