اسلام آباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کا مشن، مارگلہ کے دامن میں نیا پارک، فائیو سٹار ہوٹلز کی تعمیر کا فیصلہ
اسلام آباد۔: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرِ صدارت سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اسلام آباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کے لئے کئی بڑے اور اہم ترین فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ حکومت کا مقصد اسلام آباد کو ایک مثالی شہر میں تبدیل کرنا ہے جہاں شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی جدید سہولیات اور تفریحی مواقع میسر ہوں۔
اس مشن کے تحت مارگلہ پہاڑی کے دامن میں ایک ہزار ایکڑ رقبے پر محیط ایک وسیع اور جدید پارک تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو شہر کی خوبصورتی اور ماحولیات میں اہم اضافہ ثابت ہوگا۔
اس کے ساتھ ساتھ وفاقی وزیر داخلہ نے سیاحت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے “زیرو ٹیکس” پر مبنی نئی ہوٹل پالیسی مرتب کرنے کے احکامات جاری کئے۔
اس پالیسی کے تحت بین الاقوامی معیار کی فرمز کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کے ذریعے نئے فائیو سٹار ہوٹلز تعمیر کئے جائیں گے جبکہ ای او بی آئی کے اشتراک سے زیرِ تعمیر ہوٹل کے منصوبے پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
انتظامی اصلاحات کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد کے تمام رقبے اور جائیدادوں کا “سروے آف پاکستان” کے ذریعے مکمل سروے کرایا جائے گا۔
سی ڈی اے کے تمام نظام اور ڈیٹا کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے جس کے تحت ون ونڈو آپریشن پر ایک ڈیجیٹل ڈیش بورڈ متعارف کرایا جائے گا۔
ادارہ جاتی کارکردگی بڑھانے کے لئے سی ڈی اے میں غیر ضروری آسامیوں کو ختم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ عوامی وسائل کا بہتر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔
شہر کی سکیورٹی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کیپٹل ایمرجنسی سروسز کا کنٹرول روم “سیف سٹی” میں منتقل کیا جائے گا جس سے تمام حفاظتی انتظامات ایک ہی مرکز سے مربوط ہو جائیں گے۔
اس کے علاوہ سی ڈی اے کی آئندہ تمام نیلامیوں کے لئے پروفیشنل مارکیٹنگ ٹیمیں تعینات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ بڑے سرمایہ کاروں کو شفاف طریقے سے بولی میں شرکت کی طرف راغب کیا جا سکے۔
اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف، ممبران سی ڈی اے اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
