پاکستان کی سلامتی کونسل میں افریقہ کی نمائندگی بڑھانے کی حمایت
اقوام متحدہ ۔: پاکستان نےاقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں افریقہ کی نمائندگی بڑھانے کے مطالبے کی حمایت کا اعادہ کیا ہے تاکہ عالمی ادارے کو زیادہ منصفانہ اور مؤثر بنایا جا سکے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے بین الحکومتی مذاکرات (آئی جی این ) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افریقہ کے ساتھ ہونے والی تاریخی ناانصافی کا ازالہ اصولی بنیادوں پر ہونا چاہیے، نہ کہ کسی رعایت کے طور پر۔
انہوں نے کہا کہ افریقی یونین کے تمام 55 رکن ممالک کی جانب سے پیش کردہ “افریقی ماڈل” کے تحت سلامتی کونسل میں افریقہ کے لیے دو مستقل اور پانچ غیر مستقل نشستوں کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ خطے کی بہتر نمائندگی یقینی بنائی جا سکے۔
واضح رہے کہ موجودہ سلامتی کونسل 15 ارکان پر مشتمل ہے، جن میں پانچ مستقل اراکین (برطانیہ، چین، فرانس، روس اور امریکا) شامل ہیں جبکہ 10 غیر مستقل ارکان دو سال کے لیے منتخب کیے جاتے ہیں۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ پاکستان، اٹلی کے ساتھ مل کر یونائٹنگ فار کنسینسس گروپ کی قیادت کر رہا ہے، جو نئے مستقل اراکین کے اضافے کی مخالفت کرتا ہے اور منتخب اراکین کی تعداد بڑھانے کے حق میں ہے تاکہ علاقائی نمائندگی اور شفافیت میں اضافہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ افریقہ کا مطالبہ کسی خاص ملک کے لیے نہیں بلکہ پورے خطے کے لیے انصاف اور مساوات کی بنیاد پر ہے جبکہ بعض دیگر ممالک کی مستقل نشست کی خواہش نے عالمی سطح پر اختلافات کو جنم دیا ہے۔
پاکستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ افریقہ اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایک ایسا اصلاح شدہ عالمی نظام قائم کرنے کے لیے کام جاری رکھے گا جو موجودہ عالمی حقائق کی بہتر عکاسی کرے۔
