گندم کی خریداری کیلئے پنجاب میں ڈیجیٹل نظام کا اجرا

20 April 2026 | 09:27

لاہور۔: پنجاب حکومت نے گندم کی خریداری کیلئے مکمل ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا ہے جبکہ کٹائی کا عمل تیز ہو رہا ہے اور صوبے بھر میں نئی فصل کی آمد شروع ہو گئی ہے۔

صوبائی حکومت کو توقع ہے کہ بارشوں اور ژالہ باری سمیت موسمی رکاوٹوں کے باوجود اس سال گندم کی پیداوار 22.5 ملین میٹرک ٹن سے تجاوز کر جائے گی۔اسی کے ساتھ حکومت نے اپنی خریداری مہم بھی شروع کر دی ہے جس کا مقصد 40 کلوگرام گندم کی امدادی قیمت 3,500 روپے کے قریب برقرار رکھنا ہے، جس کیلئے ٹیکنالوجی پر مبنی ایک اصلاح شدہ نظام متعارف کرایا گیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل فوڈ ڈیپارٹمنٹ پنجاب امجد حفیظ نے ویلتھ پاکستان کو بتایا کہ ہم نے مکمل ڈیجیٹل اور مربوط نظام متعارف کرا کے گندم خریداری کے فریم ورک میں بنیادی اصلاحات کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئے نظام کا مقصد تاخیر کا خاتمہ، اختیارات کے بے جا استعمال میں کمی اور ماضی کے خریداری ادوار میں موجود طریقہ کار کی رکاوٹوں کو دور کرنا ہے۔ 6 ارب روپے کی باردانہ سبسڈی کی منظوری دی جا چکی ہے جسے شفاف ڈیجیٹل نظام کے تحت تقسیم کیا جا رہا ہے۔

کاشتکاروں کو پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کی تیار کردہ باردانہ ایپ کے ذریعے رجسٹریشن کرنا ہوگی۔صوبہ بھر میں کم از کم 233 خریداری مراکز قائم کر دیے گئے ہیں جہاں کاشتکاروں سے 3,500 روپے فی 40 کلوگرام کے امدادی نرخ پر گندم خریدی جائے گی۔

پالیسی کے مطابق چھوٹے کاشتکاروں کو ترجیح دی گئی ہے، جس کیلئے فی کاشتکار 12 ایکڑ کی حد مقرر کی گئی ہے جبکہ فی ایکڑ 25 من گندم خریداری کا معیار بھی طے کیا گیا ہے۔

امجد حفیظ نے کہا کہ پنجاب کی زرعی برادری میں 90 فیصد سے زائد چھوٹے کاشتکار شامل ہیں اور یہ فریم ورک ان کیلئے مساوی رسائی اور منصفانہ شمولیت کو یقینی بناتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس پالیسی کے تحت بیوپاریوں کے کردار کو کم سے کم کیا گیا ہے اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے ادائیگیاں براہ راست کاشتکاروں کے بینک اکاؤنٹس میں ڈیجیٹل ذرائع سے کی جائیں گی۔حکومت نے ایگریگیٹرز کے ذریعے 3 ملین میٹرک ٹن تک گندم خریدنے کا بھی منصوبہ بنایا ہے، جس سے فلور ملز اور نجی خریداروں سمیت مارکیٹ کیلئے ایک معیاری قیمت کے تعین میں مدد ملے گی۔

ایک سوال کے جواب میں امجد حفیظ نے کہا کہ یہ پالیسی مارکیٹ پر مبنی خریداری پر کوئی پابندی عائد نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ پولٹری اور فیڈ یونٹس کو موجودہ مارکیٹ حالات کے تحت اوپن مارکیٹ سے گندم خریدنے کی اجازت ہے۔