اوکاڑہ، حویلی لکھا میں ایل پی جی کی غیرقانونی اورمہنگے داموں فروخت کے خلاف کارروائی، 20 دکانیں سیل، مقدمات درج

07 July 2026 | 08:15

اوکاڑہ(شیخ وقار افضل)۔: ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر حویلی لکھا میں مہنگے داموں ایل پی جی گیس فروخت کرنے والوں کے خلاف محکمہ سول ڈیفنس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔

سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی کی نگرانی میں کارروائی کرتے ہوئے سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر ایل پی جی فروخت کرنے پر تین دکانیں سیل کر دی گئیں۔

محکمہ سول ڈیفنس کے مطابق ایل پی جی کا سرکاری نرخ 241.43 روپے فی کلو گرام مقرر ہے، جبکہ بعض دکاندار 400 روپے فی کلو کے حساب سے گیس فروخت کر رہے تھے۔

ضلع بھر میں جاری کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 20 ایل پی جی دکانیں سیل، 10 مقدمات درج اور 25 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ نوٹیفائیڈ نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ عوام کا استحصال کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

انہوں نے فیلڈ ٹیموں کو ہدایت کی کہ ایل پی جی گیس مقررہ سرکاری نرخوں پر عوام کو ہر صورت فراہم کروانا یقینی بنایا جائے تاکہ صارفین کو ناجائز منافع خوری سے تحفظ مل سکے۔