پاکستان کی لبنان میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت
اقوام متحدہ۔: پاکستان نے لبنان میں اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کشیدگی میں فوری کمی اور متاثرہ علاقوں میں انسانی امداد کی رسائی کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے لبنان میں موجودہ انسانی صورتحال پر بات چیت کے لیےاو آئی سی کے سفیروں کی سطح کے اجلاس میں کہی۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ لبنان میں جاری اسرائیلی حملوں میں بے گھر ہونے والے لاکھوں شہریوں کی صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید خراب ہوتی جا رہی ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق لبنان میں شدید اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 2,000 سے زائد افراد شہید اور 6,500 سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں جبکہ تقریباً 12 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور صحت کا نظام تباہی کے دہانے پر ہے۔
پاکستانی مندوب نے لبنان کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اسرائیلی فوجی کارروائیوں کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ شہری انفراسٹرکچر کی بڑے پیمانے پر تباہی اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی فوری طور پر بند ہونی چاہیے۔
پاکستانی مندوب نے لبنان کی حکومت کی جانب سے استحکام کی بحالی اور ریاستی عملداری مضبوط کرنے کی کوششوں کا خیرمقدم کیا، جن میں سکیورٹی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور کشیدگی کم کرنے کے اقدامات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس (یو این آئی ایف آئی ایل ) پر اسرائیلی حملوں کی بھی مذمت کی، جن میں امن فوجی زخمی ہوئے۔
پاکستانی مندوب نے متاثرہ علاقوں میں فوری انسانی امداد کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس نازک مرحلے پر کشیدگی میں کمی، تحمل کا مظاہرہ اور سفارتی روابط کی ازسرِ نو بحالی فوری طور پر ضروری ہے تاکہ علاقائی سکیورٹی کی صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پائیدار امن اور استحکام صرف مسلسل سیاسی مکالمے اور بین الاقوامی قوانین کے احترام کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
