حب گڈانی موڑ کے قریب مسافر کوچ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، بس مکمل طور جل کر خاکستر
حب۔: حب گڈانی موڑ کے قریب مسافر کوچ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی،مسافر بس مکمل طور جل کر خاکستر ہوگئی تاہم خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔
ڈپٹی کمشنر حب جمعہ داد خان مندوخیل اور ایس پی حب محمد بلوچ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جبکہ ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر حب جمعہ داد خان مندوخیل کے مطابق مبینہ طور پر مسافر بس میں آگ کی وجہ غیر معیاری اور غیر قانونی اسمگل شدہ ڈیزل تھا ۔ علاقے میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں ، ایس پی حب موقع پر موجود ہیں اور آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں ۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ علاقے کو محفوظ بنانے کی کوششیں جاری ہیں، واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر حب نے مزید بتایا کہ مسافر کوچ میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے، کوچ مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔ انہوں نے تصدیق کی کہ واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔
حب عوامی حلقوں نے حکومت بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مسافر کوچوں میں ایرانی ڈیزل کی ترسیل پر فوری پابندی عائد کی جائے۔
