آئی بی سی سی اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا معیاری اور تصوراتی تعلیم کے فروغ کے لیے اشتراک
اسلام آباد۔: انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، جس کا مقصد آئی یو بی کے ایس ڈی جیز کولیبریشن سینٹر کے ذریعے تعلیمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب آئی بی سی سی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوئی جہاں ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح اور وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے اپنے اپنے اداروں کی جانب سے معاہدے پر دستخط کیے۔

اس موقع پر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا کہ یہ اشتراک پاکستان کے تعلیمی اور امتحانی نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید بنانے کے آئی بی سی سی کے عزم کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس تعاون سے شفاف، منصفانہ اور مہارت پر مبنی تعلیمی نظام کو فروغ ملے گا جبکہ تحقیق، ڈیجیٹل تبدیلی اور جدید تدریسی طریقوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا کہ یہ معاہدہ تعلیمی تعاون، ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے اور پائیدار تعلیمی ترقی کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام قومی تعلیمی ترجیحات اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف، خصوصاً معیاری تعلیم (SDG-4) سے ہم آہنگ ہے۔
معاہدے کے تحت دونوں ادارے تصوراتی اور مہارت پر مبنی تعلیم، امتحانی نظام کی بہتری، اساتذہ و ممتحنین کی تربیت، مشترکہ تحقیق اور تعلیمی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔
دونوں اداروں نے اس اسٹریٹجک شراکت داری میں پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی، پروفیسر ڈاکٹر سلمان بن نعیم، ڈاکٹر مریم عباس سہروردی اور ڈاکٹر شہزاد علی گل کے کردار کو سراہا۔
حکام نے امید ظاہر کی کہ یہ شراکت داری پاکستان میں تعلیمی معیار، شفاف امتحانی نظام اور طلبہ کے لیے مستقبل سے ہم آہنگ تعلیمی مواقع کو مزید بہتر بنائے گی۔یہ مفاہمتی یادداشت پانچ سال کے لیے مؤثر ہوگی۔
