قومی نصاب کونسل کی تکنیکی کمیٹی میں تبدیلیاں، معروف محقق ڈاکٹر محمد شاہد سرویا اور ڈی جی ایف ڈی ای جاوید اقبال مرزا سمیت 4 نئے اراکین تعینات

21 June 2026 | 10:43

اسلام آباد۔:وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے قومی نصاب کونسل کی تکنیکی کمیٹی کی تشکیل میں جزوی تبدیلیاں کرتے ہوئے تعلیم کے شعبے کے معروف محقق ڈاکٹر محمد شاہد سرویا سمیت 4 نئے اراکین کو کمیٹی کا حصہ بنا دیا ہے۔

وزارتِ وفاقی تعلیم سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ان انتظامی تبدیلیوں کے بعد شامل ہونے والے تمام نئے اراکین کمیٹی کے منظور شدہ شرائطِ کار (ٹی او آرز) کے تحت قومی نصاب سازی کے عمل، جدید تعلیمی چیلنجز سے نمٹنے کی حکمتِ عملی، اور معیارِ تعلیم کی بہتری کے لیے کونسل کی اہم ترین مشاورت و کارروائیوں میں اپنا کلیدی علمی حصہ ڈالیں گے۔

4 جون 2026ء کو منعقدہ تکنیکی کمیٹی کے چوتھے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی روشنی میں اس اہم تعلیمی ونگ کی پوزیشنز میں یہ جزوی ترامیم کی گئی ہیں۔

کمیٹی کے ان نئے اراکین میں سب سے نمایاں نام ماہر تعلیم ڈاکٹر محمد شاہد سرویا کا ہے، جو اس وقت کامسیٹس یونیورسٹی ساہیوال کیمپس کے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ وہ اس سے قبل پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن (پی آئی ای) کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر بھی گرانقدر قومی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔

ڈاکٹر محمد شاہد سرویا تعلیم کے شعبے میں ایک وسیع اور طویل تجربہ رکھتے ہیں، اور خاص طور پر تعلیمی نظام میں موجود خلا اور علمی کمیوں پر تحقیق کرنا، جدید چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ممکنہ و عملی حل تک پہنچنا اور بین الاقوامی سطح کے جدید تعلیمی رحجانات سے گہری واقفیت رکھنا ان کی پیشہ ورانہ مہارت کا خاصہ مانا جاتا ہے، جس سے قومی نصاب و مواد کونسل کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔

وزارتِ تعلیم کے نوٹیفکیشن کے مطابق کونسل میں کی جانے والی ان جزوی تبدیلیوں کے نتیجے میں ڈاکٹر محمد شاہد سرویا کے ہمراہ 3 دیگر نئے اراکین کو بھی باضابطہ طور پر شامل کیا گیا ہے۔

ان نئے اراکین میں وفاقِی نظامتِ تعلیم (ایف ڈی ای) اسلام آباد کے ڈائریکٹر جنرل جاوید اقبال مرزا، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن کے ڈائریکٹر (پالیسی اینڈ ریسرچ) و انچارج ڈاکٹر محمد ضیغم قدیر اور ممتاز ماہرِ تعلیم اسفندیار خان شامل ہیں۔

یہ تمام اراکین بھی منظور شدہ ٹرمز آف ریفرنس (ٹی او آرز) کے مطابق کمیٹی کے فیصلوں اور مشاورت کا حصہ بنیں گے، جب کہ یکم جنوری 2026ء کو جاری ہونے والے اصل نوٹیفکیشن کی باقی تمام شرائط و ضوابط برقرار رہیں گی۔ یہ نوٹیفکیشن سیکرٹری وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی حتمی منظوری سے جاری کیا گیا ہے۔