پاکستان الائنس آف پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کا ڈیرہ غازی خان کے نجی سکول میں اندوہناک حادثے پر اظہار افسوس

10 May 2026 | 13:00

اسلام آباد۔: پاکستان الائنس آف پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے ڈیرہ غازی خان کے ایک نجی سکول میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معصوم بچیوں کے جاں بحق ہونے پر اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

مرکزی رہنماؤں جمیل نجم، خیبر پختونخوا سے عقیل رزاق، بلوچستان سے نواز پندرانی، لیاقت علی ہزارہ, عمر فاروق, پنجاب سے جاوید نور تامبڑہ، ملک خالد محمود , میاں محمد آصف صابر , صاحبزادہ سجاد مسعود چشتی , سجاد حیدر , ابرار احمد خان سندھ سے سید طارق شاہ ، انور علی بھٹی , آذاد کشمیر سے چوہدری محمد اقبال , خواجہ عبدالحنان , اسلام آباد سے ملک عمران , مقبول حسین ڈار گلگت بلتستان سے اکرام الدین حیدر , اور دیگر رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ سانحہ پوری تعلیمی برادری کے لیے انتہائی دلخراش اور صدمہ انگیز ہے۔ ہم غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور زخمی طلبہ و طالبات کی جلد و مکمل صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔


رہنماؤں نے کہا کہ ادارے کے سربراہ شیخ اکرم پاکستان الائنس آف پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ہونے کے ساتھ ساتھ فروغِ تعلیم اور فلاحِ طلبہ کے لیے ملک بھر میں گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کی تعلیمی میدان میں خدمات، سنجیدہ طرزِ قیادت اور طلبہ و طالبات کی بہتری کے لیے مسلسل جدوجہد قابلِ تحسین ہے۔


قائدین نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف، غیر جانبدار اور جامع تحقیقات کی جائیں تاکہ حقائق سامنے آسکیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کے قبل از وقت الزامات، دباؤ یا ہراسانی سے گریز کرتے ہوئے تمام پہلوؤں کا ذمہ دارانہ انداز میں جائزہ لیا جانا چاہیے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بظاہر یہ ایک المناک حادثہ ہے اور ایسے حادثات کسی بھی جگہ اور کسی بھی وقت پیش آسکتے ہیں۔ اس واقعے میں کسی فرد کے شعوری یا دانستہ کردار کے بارے میں قیاس آرائیوں سے اجتناب کیا جانا چاہیے جب تک تحقیقات مکمل نہ ہوجائیں۔
رہنماؤں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم بچیوں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، لواحقین کو صبرِ جمیل دے اور زخمی بچوں کو جلد صحت کامل عطا فرمائے۔