پاکستان، ترکیہ، بنگلہ دیش، برازیل، سپین اور دیگر ممالک کی گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملوں کی مذمت
اسلام آباد۔: پاکستان، ترکیہ، بنگلہ دیش، برازیل، کولمبیا، انڈونیشیا، اردن، لیبیا، مالدیپ اور سپین کے وزرائے خارجہ نے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیل کے حالیہ حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
منگل کو دفتر خارجہ کے مطابق وزرائے خارجہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ گلوبل صمود فلوٹیلا ایک پرامن شہری انسانی اقدام ہے جس کا مقصد عالمی سطح پر مظلوم فلسطینی عوام کی جانب توجہ مبذول کروانا ہے۔
وزرائے خارجہ نے بین الاقوامی پانیوں میں گزشتہ فلوٹیلاز کے خلاف اسرائیلی مداخلتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور سویلین جہازوں اور انسانی ہمدردی کے کارکنوں کو نشانہ بنانے والی جارحانہ کارروائیوں کے تسلسل کی مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے حملے جن میں جہازوں پر حملے اور کارکنوں کی من مانی گرفتاری شامل ہے، بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
مشترکہ بیان کے مطابق وزرائے خارجہ نے فلوٹیلا کے سویلین شرکاءکی حفاظت اور سلامتی کے حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کیا اور تمام زیر حراست کارکنوں کی فوری رہائی کے ساتھ ساتھ ان کے حقوق اور وقار کا مکمل احترام کرنے کا مطالبہ کیا۔
وزرائے خارجہ نے کہا کہ پرامن انسانی اقدامات کے خلاف بار بار حملے بین الاقوامی قانون اور جہاز رانی کی آزادی کی مسلسل نظر اندازی کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریاں پوری کرے، شہریوں اور انسانی مشنز کے تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ان خلاف ورزیوں کے خاتمے اور ذمہ داران کے احتساب کےلئے ٹھوس اقدامات کرے۔
