ایلون مسک کو اوپن اے آئی کے خلاف مقدمے میں شکست

19 May 2026 | 04:19

سان فرانسسکو۔: ایلون مسک کو امریکی ریاست کیلیفورنیا کی عدالت میں اوپن اے آئی کے خلاف دائر مقدمے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

شنہوا کے مطابق اوکلینڈ، کیلیفورنیا میں ایک جیوری نے متفقہ فیصلہ دیتے ہوئے قرار دیا کہ مسک کے دعوے قانونی مدت کی وجہ سے قابلِ سماعت نہیں رہے۔

رپورٹس کے مطابق وفاقی جج یوون گونزالیز راجرز نے جیوری کے فیصلے کو برقرار رکھا۔مقدمہ 2024 میں دائر کیا گیا تھا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ اوپن اے آئی اور اس کے بعض عہدیدار، جن میں سام آلٹمین شامل ہیں، کمپنی کے ابتدائی مشن سے ہٹ گئے اور عوامی مفاد کے بجائے تجارتی مقاصد کو ترجیح دی۔

اوپن اے آئی نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ایلون مسک کو کمپنی میں ہونے والی ساختی تبدیلیوں کا پہلے سے علم تھا اور انہوں نے مقدمہ تاخیر سے دائر کیا۔

واضح رہے کہ اوپن اے آئی کی بنیاد 2015 میں رکھی گئی تھی جس کے بانیوں میں ایلون مسک بھی شامل تھے، تاہم وہ 2018 میں کمپنی سے الگ ہو گئے۔

بعد ازاں کمپنی نے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے چیٹ جی پی ٹی جیسے اے آئی پروڈکٹس متعارف کروائے اور مائیکروسافٹ کے ساتھ قریبی شراکت داری قائم کی۔