ایبولا کے خدشات، امریکا نے سفری پابندیاں مزید سخت کر دیں
لاس اینجلس ۔: امریکا نے ایبولا کے خدشات کے باعث سفری پابندیاں مزید سخت کر دیں۔
شنہوا کے مطابق بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے مراکز (سی ڈی سی) نے مشرقی اور وسطی افریقہ میں جاری ایبولا وبا کے پیش نظر امریکا میں وائرس کے داخلے کو روکنے کے لیے سفری پابندیاں مزید سخت کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سی ڈی سی کے مطابق امریکی محکمہ داخلی سلامتی اور دیگر وفاقی اداروں کے تعاون سے ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جن کا مقصد بنڈی بگیو وائرس سے پھیلنے والی ایبولا بیماری کے خطرات کو کم کرنا ہے۔
نئے اقدامات کے تحت متاثرہ علاقوں سے آنے والے مسافروں کی سخت طبی جانچ اور نگرانی کی جائے گی، جبکہ ایسے غیر امریکی شہریوں کے داخلے پر پابندی ہوگی جو گزشتہ 21 روز کے دوران یوگنڈا، کانگو یا جنوبی سوڈا ن میں موجود رہے ہوں۔
سی ڈی سی نے بتایا کہ ایئرلائنز، بین الاقوامی شراکت داروں اور ہوائی اڈوں کے حکام کے ساتھ مل کر ایسے مسافروں کی نشاندہی اور نگرانی بھی کی جائے گی جو ممکنہ طور پر ایبولا وائرس سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
ادارے کے مطابق ملک بھر میں ہسپتالوں کی تیاری، لیبارٹری ٹیسٹنگ، کانٹیکٹ ٹریسنگ اور بندرگاہی صحت کے حفاظتی اقدامات کو بھی مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں وبا پر قابو پانے کے لیے ماہرین کی تعیناتی جاری رہے گی۔
سی ڈی سی کا کہنا ہے کہ فی الحال امریکی عوام کو فوری خطرہ کم ہے، تاہم صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید حفاظتی اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔
