کانگو میں بدامنی ایبولا کے خلاف کارروائی میں بڑی رکاوٹ ہے، اقوام متحدہ کا انتباہ

19 May 2026 | 04:00

اقوام متحدہ ۔: اقوام متحدہ کے انسانی امدادی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ مشرقی گانکو میں خراب سکیورٹی صورتحال ایبولا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی کوششوں میں شدید رکاوٹ بن رہی ہے۔

شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسانی امور (اوچا) کے مطابق بدامنی، آبادی کی نقل مکانی اور بے گھر افراد کی بڑھتی تعداد کے باعث نگرانی، متاثرہ افراد کی شناخت اور طبی امدادی کارروائیاں متاثر ہو رہی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبہ ایتوری، شمالی کیوو اور جنوبی کیوو میں تقریباً ایک کروڑ افراد شدید غذائی قلت یا قحط جیسے حالات کا سامنا کر رہے ہیں، جس سے پہلے ہی کمزور طبی نظام مزید دباؤ میں آ گیا ہے۔

ادارے کے مطابق عالمی ادارے اور ان کے شراکت دار حکومت کی قیادت میں جاری ایبولا کے خلاف اقدامات میں تعاون کر رہے ہیں۔اقوام متحدہ نے خبردار کیا کہ اضافی وسائل اور متاثرہ علاقوں تک مسلسل انسانی رسائی کے بغیر وبا پر قابو پانا مشکل ہو جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق اپریل سے اب تک ایتوری میں ایبولا کے 482 سے زائد مشتبہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں 8 تصدیق شدہ کیسز شامل ہیں، جبکہ مشتبہ مریضوں میں تقریباً 116 اموات ہو چکی ہیں۔

مزید برآں شمالی کیوو کے شہر گوما میں بھی ایک تصدیق شدہ کیس سامنے آنے کے بعد گنجان آباد علاقوں میں وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

اقوام متحدہ نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ کانگو میں ایبولا کے خلاف اقدامات اور انسانی امدادی سرگرمیوں کے لیے فوری اور بھرپور تعاون فراہم کرے، بصورت دیگر لاکھوں افراد زندگی بچانے والی امداد سے محروم ہو سکتے ہیں۔