کامسٹیک اور آئیڈا ریو سکول کے اشتراک سے خصوصی تعلیم کے تربیتی پروگرام کے تیسرے بیچ کا آغاز
اسلام آباد۔: پاکستان میں او آئی سی کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک) اور آئیڈا ریو ویلفیئر ایسوسی ایشن کے اشتراک سے خصوصی تعلیم سے متعلق تربیتی پروگرام کے تیسرے بیچ کا کراچی میں آغاز ہوگیا۔
پروگرام کا مقصد او آئی سی رکن ممالک میں خصوصی اور جامع تعلیم کے شعبے میں استعدادِ کار بڑھانا اور خصوصی افراد کی تعلیم سے وابستہ اساتذہ و ماہرین کو جدید تربیت فراہم کرنا ہے۔
پیر کو کامسٹیک کے میڈیا آفس سے جاری تفصیلات کے مطابق موجودہ بیچ میں نائیجیریا، گیمبیا اور یوگنڈا سے تعلق رکھنے والے 12 تربیت یافتگان شریک ہیں جبکہ اس سے قبل دو بیچز میں 15 شرکا کو تربیت دی جا چکی ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ خصوصی افراد کیلئے معیاری تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کی فراہمی جامع ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ او آئی سی ممالک میں خصوصی تعلیم، تربیت یافتہ اساتذہ اور معاون سہولیات کے فروغ کیلئے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کامسٹیک تعلیم، انسانی وسائل کی ترقی اور سماجی شمولیت کے فروغ کیلئے مختلف تربیتی پروگرامز اور بین الاقوامی تعاون کو آگے بڑھا رہا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے آئیڈا ریو ویلفیئر ایسوسی ایشن کی صدر ڈاکٹر نادرہ پنجوانی کی فلاحی اور انسان دوست خدمات کو بھی سراہا اور خصوصی تعلیم و سماجی بہبود کے شعبے میں ان کے کردار کو قابلِ قدر قرار دیا۔
آئیڈا ریو ویلفیئر ایسوسی ایشن کی سربراہ ڈاکٹر نادرہ پنجوانی نے خصوصی تعلیم کے فروغ اور او آئی سی ممالک میں استعدادِ کار بڑھانے کیلئے کامسٹیک کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئیڈا ریو ویلفیئر ایسوسی ایشن مستقبل میں بھی اس تعاون کو جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ ادارہ خصوصی افراد کیلئے تعلیم، تربیت اور بحالی کی سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنی خدمات جاری رکھے گا۔
پروگرام کے دوران خصوصی تعلیم سے متعلق تدریسی طریقہ کار، معاون تعلیمی ٹیکنالوجی اور عملی تربیت پر مبنی مختلف سیشنز منعقد کئے جائیں گے۔1922ء میں قائم ہونے والی آئیڈا ریو ویلفیئر ایسوسی ایشن پاکستان کے اُن قدیم اداروں میں شامل ہے جو بصارت اور سماعت سے محروم بچوں کی تعلیم و بحالی کیلئے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
