ہونڈا پاکستان کا فنی خرابی کے باعث مختلف ماڈلز کی ہزاروں گاڑیاں واپس بلانے کا اعلان
اسلام آباد۔: ہونڈا پاکستان نے فنی خرابی کے باعث 3 مختلف ماڈلز کی ہزاروں گاڑیاں واپس بلانے کا اعلان کرتے ہوئے گاڑی مالکان کو قریبی ڈیلرز سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہنڈا اٹلس کارز پاکستان نے پاکستان میں اپنے کئی پرانے گاڑی ماڈلز کو واپس بلانے (ریکال) کا اعلان کرتے ہوئے صارفین کو ملک بھر میں موجود مجاز ڈیلرشپس سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ ریکال گاڑیوں کے ایس آر ایس ایئربیگ سسٹم سے متعلق ہے۔ اس میں 2006 سے 2012 کے درمیان تیار کی گئی ہنڈا سوک اوریئل، 2008 سے 2011 تک کی ہنڈا سی آر وی اور 2004 سے 2012 کے دوران تیار ہونے والی ہنڈا اکارڈ شامل ہیں۔
ہونڈا اٹلس کے مطابق متاثرہ گاڑیوں کے مالکان اپنے قریبی مجاز ایس ٹو یا ایس تھری ڈیلرشپ کا رخ کر سکتے ہیں جہاں ایئربیگ کی تبدیلی کا عمل مکمل طور پر مفت انجام دیا جائے گا۔
کمپنی نے یہ اعلان اپنے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے جاری کیا اور کہا کہ صارفین کی حفاظت اس کی اولین ترجیح ہے۔ ہونڈا نے گاڑی مالکان کو مزید رہنمائی کے لیے مجاز ڈیلرشپس سے رابطہ کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔
