ڈھاکا ٹیسٹ : بنگلا دیش نے پاکستان کو 104 رنز سے ہرا دیا

ڈھاکا ٹیسٹ : بنگلا دیش نے پاکستان کو 104 رنز سے ہرا دیا
12 May 2026 | 11:46

ڈھاکا۔: بنگلہ دیش نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں 104 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 268 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 163 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے ناہید رانا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ تیج الاسلام نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی دوسری اننگز میں عبداللہ فضل 66 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تاہم دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ اذان اویس 15، سلمان علی آغا 26 اور محمد رضوان 15 رنز بنا سکے جبکہ کپتان شان مسعود صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

منگل کو ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری روز بنگلہ دیش نے 9 وکٹوں پر 240 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی اور پاکستان کو جیت کے لیے 268 رنز کا ہدف دیا۔ نجم الحسن شانتو نے ایک بار پھر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 87 رنز بنائے جبکہ مومن الحق نے 56 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی اور نعمان علی نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کو دوسری اننگز میں شدید مشکلات کا سامنا رہا اور پوری ٹیم 163 رنز بناکو آؤٹ ہوگئی، بنگلا دیش کے خلاف پاکستان کی پہلی وکٹ 3 رنز پر گری جب امام الحق دو رنز بنا کر پہلے ہی اوور کی آخری گیند پر آئوٹ ہو گئے، پاکستان کو دوسرا نقصان اذان اویس کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

بعدازاں شان مسعود 2، عبداللہ فضل 66 اور سلمان آغا 26، سعود شکیل 15، حسن علی ایک جبکہ نعمان علی چار رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس سے قبل بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز میں 413 رنز اسکور کیے تھے۔ کپتان نجم الحسن شانتو نے 101 اور مومن الحق نے 91 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ مشفق الرحیم نے 71 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 3 شکار کیے۔

جواب میں پاکستان نے پہلی اننگز میں 386 رنز بنائے۔ اذان اویس نے 103 رنز کی بہترین اننگز کھیلی جبکہ عبداللہ فضل نے 60، سلمان علی آغا نے 58 اور محمد رضوان نے 59 رنز اسکور کیے۔ بنگلہ دیش کے مہدی حسن مرزا نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔