نور خان ایئر بیس پر ایرانی طیارے کی موجودگی بارے سی بی ایس نیوز کی رپورٹ گمراہ کن ہے، ترجمان دفتر خارجہ

12 May 2026 | 06:16

اسلام آباد۔: پاکستان نے نور خان ایئربیس پر ایرانی طیارے کی موجودگی کے حوالے سے سی بی ایس نیوز کی رپورٹ کو گمراہ کن اور سنسنی خیز قرار دیتے ہوئے مسترد کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسی قیاس آرائی پر مبنی بیانیے کا مقصد علاقائی استحکام اور امن کے لیے جاری کوششوں کو نقصان پہنچانا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ جنگ بندی کے بعد اور اسلام آباد مذاکرات کے ابتدائی دور کے دوران ایران اور امریکا سےمتعدد طیارے پاکستان پہنچے تاکہ مذاکراتی عمل سے منسلک سفارتی عملے، سکیورٹی ٹیموں اور انتظامی عملے کی نقل و حرکت میں سہولت فراہم کی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ ہوائی جہاز اور امدادی اہلکار پاکستان میں عارضی طور پر مصروفیت کے بعد کے دوروں کی توقع میں رکے رہے۔ بیان کے مطابق اگرچہ باضابطہ مذاکرات ابھی تک دوبارہ شروع نہیں ہوئے ہیں تاہم اعلیٰ سطح کے سفارتی تبادلے جاری ہیں۔

ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اس تناظر میں ایرانی وزیر خارجہ کے دورہ اسلام آباد کو موجودہ لاجسٹک اور انتظامی انتظامات کے ذریعے سہولت فراہم کی گئی، اس وقت پاکستان میں کھڑا ایرانی طیارہ جنگ بندی کی مدت کے دوران پہنچا اور اس کا کسی بھی فوجی ہنگامی صورتحال یا تحفظ کے انتظامات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ دعوے قیاس آرائی پر مبنی، گمراہ کن اور حقیقت کے تناظر سے مکمل طور پر الگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کی حمایت میں مسلسل غیر جانبدار، تعمیری اور ذمہ دار سہولت کار کے طور پر کام کیا ہے، اس کردار کے مطابق پاکستان نے تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ مکمل شفافیت اور باقاعدہ رابطے کو برقرار رکھتے ہوئے ضرورت پڑنے پر معمول کی لاجسٹک اور انتظامی مدد فراہم کی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان بات چیت کو فروغ دینے، تناؤ کو کم کرنے اور علاقائی اور عالمی امن، استحکام اور سلامتی کو آگے بڑھانے کے لیے تمام مخلصانہ کوششوں کی حمایت کے لیے پرعزم ہے۔\