دشمن جان لے آئندہ مہم جوئی کے اثرات انتہائی خطر ناک، دور رس اور تکلیف دہ ہوں گے، ہر بے گناہ پاکستانی کے خون کا بدلہ لیں گے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

10 May 2026 | 05:14

راولپنڈی ۔: چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات نے کہا ہے کہ آج پاکستان اپنی موثر ، ذمہ دارانہ اور غیر جانبدار سفارتی کاری کے ذریعے تاریخی امن مذاکرات کی میزبانی کر رہا ہے،دشمن جان لے پاکستان کے خلاف آئندہ مہم جوئی کے اثرات محدود نہیں بلکہ انتہائی خطر ناک، دور رس اور تکلیف دہ ہونگے،ہم ہر بے گناہ پاکستانی کے خون کا بدلہ لیں گے اور دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے معرکہ حق کی پہلی یادگاری تقریب سے تاریخی خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص میں اللہ تعالیٰ کی رضا سے پاکستان، عوام اور مسلح افواج کو ایک بے مثال کامیابی ملی،معرکہ حق دو نظریات کے درمیان ایک فیصلہ کن معرکہ تھا جس میں حق فتحیاب اور باطل ہزیمت سے دو چار ہوا۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ بھارت کا خواب ہے کہ وہ پاکستان کو عسکری جارحیت اور سفارتی تنہائی کا نشانہ بنا کر خطے میں طاقت کا توازن تبدیل کرے ،اس کا یہ خواب اس کے قد کاٹھ اور صلاحیت سے کہیں زیادہ ہے جسے پاکستان کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں معرکہ حق کے تمام شہداء اورغازیوں بالخصوص شہید ہونے والی نہتی عورتوں، بوڑھوں اورمعصوم بچوں کو پوری قوم اور افواج پاکستان کی جانب سے خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، ہم اپنے شہداء کی قربانی کو امانت ، اپنی طاقت کو ذمہ داری اور اپنی کامیابی کو خدائے بزرگ برتر کا احسان سمجھتے ہیں۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ عوام اور قومی قیادت کا پیغام ہے کہ ملکی خود مختاری، سرحدی سالمیت اور قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ قابل قبول نہیں، ہندوستان کو اس جنگ کے نتیجے میں شدید جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا جس کی قیمت وہ آنے والے وقتوں تک چکاتا رہے گا،فتح میزائلوں اور پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے 26 سے زیادہ عسکری اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ الحمد اللہ ! آج پاکستان کا دفاع کسی بھی بیرونی جارحیت کیخلاف مکمل طور پر ناقابل تسخیر ہے،دشمن جان لے ! پاکستان کے خلاف آئندہ مہم جوئی کے اثرات محدود نہیں بلکہ انتہائی خطر ناک، دور رس اور تکلیف دہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ عصرِحاضراورمستقبل کی جنگیں ملٹی ڈومین آپریشنز پر مشتمل ہوں گی جس میں دور تک مار کرنے والےہتھیاروں ،ڈرونز ،سائبراور آرٹیفشل انٹیلی جنس کا استعمال ہوگا،افواج پاکستان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز قائم کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے ساتھ سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ ہماری سفارتی کامیابیوں کا ایک عظیم سنگ میل ہے،آج پاکستان اپنی موثر ، ذمہ دارانہ اور غیر جانبدار سفارتی کاری کے ذریعے تاریخی امن مذاکرات کی میزبانی کر رہا ہے، پاکستان کے ساتھ روایتی جنگ کو ناممکن تصور کرتے ہوئے بھارت ایک بار پھر دہشت گردی کی گھنائونی روش کا سہارا لے رہا ہے، افغانستان اپنی سر زمین پر دہشت گردی کے مراکز اور آماجگاہوں کا مکمل خاتمہ کرے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے کہا کہ میں پاکستان بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے غیور عوام ، افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تمام باہمت اور غیور اہلکاروں کو سلام پیش کرتا ہوں،ہم ہر بے گناہ پاکستانی کے خون کا بدلہ لیں گے اور دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ ہم ہر محاذ پر کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھیں گے،ہماری منزل وہ مقام ہے جس کا خواب ہمارے اسلاف نے دیکھا تھا، پاکستان کا سبز ہلالی پرچم امید کا استعارہ ہے اور اس کی مسلح افواج منظم اور ہر لمحہ تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ہماری طاقت ہے اور ہم قوم کی قوت ہیں،پاکستان کا مستقبل انشاء اللہ بہت روشن اور تابناک ہے ،جب حق اور باطل مقابل ہوں تو فتح ہمیشہ حق کا مقدر بنتی ہے، پاکستان کل بھی ناقابل تسخیر تھا اور انشاءاللہ آنے والے وقتوں تک ناقابل تسخیر رہے گا۔

تقریب میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف بھی شریک ہوئے۔

مسلح افواج کے سربراہان کی جانب سے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی جبکہ تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی۔