شدید گرمی، سکولوں میں قبل از وقت گرمیوں کی تعطیلات کا امکان
لاہور۔: پنجاب میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے خدشات کے پیش نظر سکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات قبل از وقت دینے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق شدید گرمی، متوقع عید الاضحیٰ تعطیلات اور پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ موسمی انتباہات کے باعث تعلیمی ادارے معمول سے پہلے بند کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے مئی، جون اور جولائی کے لیے جاری اپنی تازہ ایڈوائزری میں خبردار کیا ہے کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق عید الاضحیٰ کی تعطیلات 27 مئی سے 29 مئی تک متوقع ہیں چونکہ 30 اور 31 مئی ہفتہ وار تعطیلات پر مشتمل ہیں، اس لیے حکام یکم جون کے بجائے 27 مئی سے ہی گرمیوں کی چھٹیاں شروع کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
دوسری جانب پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے مستقبل میں تعلیمی نقصان پورا کرنے کے لیے گرمیوں اور سردیوں دونوں کی تعطیلات کم کرنے کی تجویز دی ہے تاکہ سالانہ تدریسی دنوں کی تعداد 180 سے بڑھا کر 190 کی جا سکے۔
ادھر نجی سکولوں نے تعطیلات کے دوران صبح 7 بجے سے 10 بجے تک سمر کیمپس کے انعقاد کی اجازت طلب کی ہے تاکہ طلبہ تعلیمی وقفے کے باوجود اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔
