اسرائیل غزہ میں بے گھر افراد کے کیمپوں اور رہائشی علاقوں سے کچرا ہٹانے کی اجازت دے، اقوام متحدہ

08 May 2026 | 04:50

اقوام متحدہ۔: اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امورنے اسرائیلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں بے گھر افراد کے کیمپوں اور رہائشی علاقوں سے کچرا ہٹانے کی اجازت دی جائے تاکہ آگ لگنے اور صحت کے سنگین خطرات سے بچا جاسکے۔

شنہوا کے مطابق ادارے نے بتایا کہ غزہ سٹی کے مرکز میں واقع ’’فیراس مارکیٹ‘‘ میں گزشتہ ہفتے آگ بھڑک اٹھی، جہاں بڑی مقدار میں ٹھوس کچرا جمع کیا جارہا تھا۔ یہ علاقہ پناہ گزینوں کی رہائش گاہوں کے قریب واقع ہے۔

اقوامِ متحدہ کی ٹیموں نے آگ بجھانے کے لیے پانی کے ٹینکرز اور مشینری فراہم کی۔اوچا کے مطابق غزہ میں جاری جھڑپوں کے باعث مخصوص لینڈ فل سائٹس تک رسائی ممکن نہیں رہی، جس کے نتیجے میں فیراس مارکیٹ میں جمع کچرا چار منزلہ عمارت کی بلندی سے بھی تجاوز کرگیا ہے۔

ادارے نے کہا کہ غزہ کی دو بڑی لینڈ فل سائٹس سرحدی باڑ کے قریب واقع ہیں اور وہاں رسائی اسرائیلی اجازت سے مشروط ہے۔

اقوامِ متحدہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ غزہ میں کچرا، ملبہ اور دھماکہ خیز مواد ہٹانے کے لیے ضروری مشینری اور اس کے اسپیئر پارٹس کی ترسیل کی اجازت دی جائے۔

ادارے کے مطابق غزہ میں صاف پانی کی فراہمی بھی شدید متاثر ہے۔ بنیادی ڈھانچے کی تباہی کے باعث تقریباً 40 امدادی ادارے روزانہ 20 ہزار مکعب میٹر پانی ٹرکوں کے ذریعے فراہم کررہے ہیں، تاہم ایندھن اور مالی وسائل کی کمی اس عمل میں بڑی رکاوٹ بن رہی ہے۔

اوچا نے کہا کہ ہزاروں خاندان پینے اور کھانا پکانے کے پانی کے لیے تقریباً دو ہزار تقسیم مراکز پر انحصار کررہے ہیں، جبکہ بہت سے لوگوں کے پاس پانی ذخیرہ کرنے کے مناسب برتن بھی موجود نہیں۔

دوسری جانب مغربی کنارے میں اقوامِ متحدہ کے امدادی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ مویشیوں میں پھیلنے والی “فٹ اینڈ ماؤتھ” بیماری بدو اور چرواہا برادریوں کے لیے شدید خطرہ بنتی جارہی ہے، کیونکہ ان کی آمدن اور خوراک کا بڑا ذریعہ مویشی ہی ہیں۔