ڈی جی حج عبدالووہاب سومرو کا جدہ ایئرپورٹ پر پاکستان حج مشن فیسیلٹیشن سینٹر کا دورہ

08 May 2026 | 04:28

جدہ۔: ڈائریکٹر جنرل حج عبدالووہاب سومرو نے جدہ حج ٹرمینل پر قائم پاکستان حج مشن فیسیلٹیشن سینٹر کا تفصیلی دورہ کیا جہاں سینٹر کے انچارج حیدر علی نے انہیں پاکستانی عازمین حج کو فراہم کی جانے والی سہولیات، ٹرانسپورٹ کے نظام اور امیگریشن میں معاونت کے عمل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر ڈی جی حج نے مختلف کائونٹرز، رہنمائی مراکز اور میڈیکل ڈسپنسری کا معائنہ کیا اور عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ یہاں اترنے والے عازمین کو 24/7 بلا تعطل خدمات فراہم کی جائیں تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان عازمین کی خدمت کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی حج عبدالووہاب سومرو کا کہنا تھا کہ رواں برس تقریباً 90 ہزار حجاج ’روٹ ٹو مکہ‘ پروگرام کے تحت تشریف لا رہے ہیں جبکہ بقیہ 30 ہزار عازمین دیگر پروازوں کے ذریعے پہنچ رہے ہیں تاہم ہماری پوری کوشش ہے کہ مستقبل میں تمام عازمین حج کو ’روٹ ٹو مکہ‘ کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ ان کا سفر مزید سہل ہو سکے۔

انہوں نے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تاکید کی کہ عازمین کو بروقت اور موثر انداز میں مکہ مکرمہ روانہ کرنے اور کسی بھی طبی ایمرجنسی کی صورت میں فوری امداد فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ رہا جائے۔