مکہ مکرمہ کی گلیوں میں راستہ تلاش کرنا اب ہوا آسان؛ پاکستانی عازمین نے ’’ڈسکور مکہ‘‘ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو ’’بڑا سہارا‘‘ قرار دے دیا
مکہ مکرمہ۔ (خرم شہزاد): سعودی رائل کمیشن کی جانب سے حال ہی میں متعارف کرائے گئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’’ڈسکور مکہ‘‘ نے مکہ مکرمہ میں موجود ہزاروں پاکستانی عازمینِ حج کی بڑی مشکل حل کر دی ہے۔
ارضِ مقدسہ پہنچنے والے پاکستانیوں بالخصوص پہلی بار آنے والے حجاج نے اس پلیٹ فارم کو زیارات اور حرم شریف کے راستوں کی شناخت کے لیے ایک ’’ڈیجیٹل گائیڈ‘‘ قرار دیا ہے۔
پاکستانی عازمین، جو اکثر مکہ مکرمہ کی بلند و بالا عمارتوں اور نئے راستوں میں الجھ جاتے تھے، اب اس پلیٹ فارم کے سمارٹ نقشوں کے ذریعے اپنی رہائش گاہوں سے حرم شریف تک کے سفر کو خود مانیٹر کر رہے ہیں۔
راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے ایک عازمِ حج نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پہلے ہمیں زیارات کے لیے نجی گائیڈز پر انحصار کرنا پڑتا تھا، لیکن اب ’’ڈسکور مکہ‘‘ کے ذریعے ہمیں غارِ حرا اور غارِ ثور جیسے تاریخی مقامات کی مستند معلومات اور وہاں تک پہنچنے کا درست راستہ موبائل فون پر ہی دستیاب ہے۔
یہ پلیٹ فارم نہ صرف راستہ دکھاتا ہے بلکہ مکہ مکرمہ کے قدیم تاریخی مقامات کی تصدیق شدہ معلومات بھی فراہم کرتا ہے۔ پاکستانی عازمین، جو اسلامی تاریخ سے گہری عقیدت رکھتے ہیں، اس ایپ کے ذریعے ان مقامات کے پس منظر سے آگاہ ہو رہے ہیں جن کا ذکر انہوں نے صرف کتابوں میں پڑھا تھا۔
سعودی ویژن 2030 کے تحت حجاج کے تجربے کو بہتر بنانے کے اس اقدام کو پاکستان حج مشن کے حکام نے بھی سراہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کے ڈیجیٹل اقدامات سے حج مشن پر دباؤ کم ہوتا ہے کیونکہ عازمین خود کفیل ہو کر اپنی ضرورت کی معلومات حاصل کر لیتے ہیں۔
پاکستانی عازمینِ حج، جن میں اب سمارٹ فون استعمال کرنے والوں کی بڑی تعداد شامل ہے، اس پورٹل (discovermakkah.sa) کو استعمال کر کے اپنے سفر کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
رائل کمیشن کے مطابق اس پلیٹ فارم کا مقصد معلومات کو یکجا کرنا ہے تاکہ زائرین کو مختلف غیر مستند ذرائع کی تلاش میں وقت ضائع نہ کرنا پڑے۔
