ہری پور، کے پی کے سب سے بڑے جاب فیئر میں 1500 افراد کی شرکت
اسلام آباد۔: نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور مہارتوں کی نشوونما کے مقصد سے ایک اہم اقدام کے تحت رینکنگ گرو نے اپنے ہیڈ کوارٹر ہری پور میں خیبر پختونخوا کے سب سے بڑے جاب فیئر کا انعقاد کیا، جس میں 1500 سے زائد طلباء، پیشہ ور افراد اور کاروباری برادری کے ارکان نے شرکت کی۔
رینکنگ گرو کے حکام نے اتوار کو بتایا کہ تقریب میں 50 سے زائد ملازمتوں کے مواقع، 200 سے زیادہ انٹرنشپ اور 1,000 سے زائد مفت تربیت کے مواقع پیش کیے گئے تھے اور متعدد امیدواروں کو موقع پر ہی رکھا گیا ہے جو ڈیجیٹل اور کارپوریٹ سیکٹر میں ہنر مند افراد کی بڑھتی ہوئی مانگ کو ظاہر کرتا ہے۔
تقریب میں مہمان خصوصی بابر نواز خان کے علاوہ سیدہ آمنہ گیلانی، ملک عمیر خالد، سید صفدر زمان شاہ، اور وقار علی سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔ جس میں ڈسٹرکٹ بار کے نمائندوں، علمائے کرام، سرکاری افسران، پروفیسرز اور مقامی تاجر برادری کے ارکان بھی شامل تھے ۔
ٹاک سیشن کے دوران عماد علی نے شرکاء کا خیرمقدم کیا اور منتخب امیدواروں کو مبارکباد دی اور مسابقتی ماحول میں عملی مہارت کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو ہنر مندی سے آراستہ کرکے تعلیم اور روزگار کے درمیان فرق کو ختم کرنا ہے تاکہ وہ ملازمت کے لیے تیار اور مالی طور پر خود مختار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ رینکنگ گرو کے وژن 2030 کے تحت تنظیم کا مقصد کم از کم 10,000 افراد کو جاب مارکیٹ کے لیے تیار کرنا اور روزگار کے پائیدار مواقع پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسی کوششیں بے روزگاری کو کم کرنے اور انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کے لیے بہت ضروری ہیں۔
تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بابر نواز خان نے اس اقدام کو سراہا اور نوجوانوں پر مرکوز پروگراموں کے لیے حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ نوجوانوں کو ہنر اور روزگار کے مواقع کے ذریعے بااختیار بنانا ایک اہم ترجیح ہے۔
سیدہ آمنہ گیلانی نے ڈیجیٹل مہارتوں کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر روشنی ڈالی اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیو ٹیک ) کے جاری اقدامات کی تفصیلات شیئر کیں اور علاقہ میں مہارت کی ترقی کے لی رینکنگ گرو کے ساتھ تعاون کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔
ملک عمیر خالد نے بھی اس اقدام کی تعریف کی اور نجی شعبے اور تربیتی اداروں کے درمیان مضبوط تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تاجر برادری کی جانب سے حمایت کا یقین دلایا۔
ڈسٹرکٹ بار کے صدر سید صفدر زمان شاہ ، سعید خان اور ضلعی خطیب عبدالمجید سمیت دیگر مقررین نے بھی اس اقدام کو سراہا اور نوجوانوں کی ترقی کے لیے ایسے ہی پروگراموں کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا۔
تقریب کا اختتام ایک مثبت انداز میں ہوا، شرکاء نے فراہم کردہ مواقع پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ عماد علی نے سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے پر مقامی پولیس کا شکریہ ادا کیا اور اعلان کیا کہ تمام شرکاء کو مفت تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
مبصرین نے جاب فیئر کو ایک بینچ مارک اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کوششیں بے روزگاری سے نمٹنے اور خیبر پختونخوا میں ہنر پر مبنی تعلیم کے کلچر کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں
