بیٹے نے ماں باپ اور بھائی کو قتل کر دیا، ملزم گرفتار

03 May 2026 | 04:18

سڈنی۔: آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے جنوب مغربی علاقے میں ایک گھر پر حملے کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہو گئے جبکہ پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔

شنہوا نے پولیس حکام کے حوالے سے بتایا کہ اتوار کی علی الصبح تقریباً 1 بج کر 30 منٹ پر علاقے روزمیڈو میں ایک گھر میں حملے کی اطلاع پر ہنگامی سروسز کو طلب کیا گیا۔

پولیس کے موقع پر پہنچنے پر ایک 60 سالہ خاتون اور 20 سالہ نوجوان کی لاشیں ملیں جبکہ 64 سالہ ایک شخص کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ بعد ازاں دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق تینوں افراد کو ایک ایسے شخص نے حملہ کر کے نشانہ بنایا جسے وہ جانتے تھے۔تقریباً 2 بج کر 30 منٹ پر ایک گاڑی گھر کے باہر پہنچی جس میں سوار 32 سالہ ڈرائیور کو گرفتار کر کے قریبی پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ملزم کے ماں باپ اور بھائی شامل ہے۔

واقعے کے مقام کو کرائم سین قرار دے دیا گیا ہے اور مقامی پولیس نے قتل کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جس میں ہومیسائیڈ اسکواڈ کے اہلکار بھی معاونت کر رہے ہیں۔