جاپان میں بے روزگاری کی شرح میں اضافہ

28 April 2026 | 04:46

ٹوکیو۔: جاپان میں مالی سال 2025 کے دوران اوسط بے روزگاری کی شرح بڑھ کر 2.6 فیصد ہو گئی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 0.1 فیصد پوائنٹ زیادہ ہے۔

شنہوا کے مطابق منگل کو وزارت داخلہ و مواصلات کے مطابق مارچ پر ختم ہونے والے مالی سال میں بے روزگار افراد کی تعداد 50000 بڑھ کر 18 لاکھ ہو گئی جبکہ برسرِ روزگار افراد کی تعداد 3 لاکھ 60 ہزار اضافے کے ساتھ 6 کروڑ 82 لاکھ 90 ہزار تک پہنچ گئی جو 1953 سے دستیاب تقابلی اعداد و شمار کے بعد سب سے زیادہ ہے۔

وزارت کے مطابق بے روزگار افراد میں سے 4 لاکھ 20 ہزار کو ملازمت سے فارغ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 10 ہزار زیادہ ہیں جبکہ 7 لاکھ 60 ہزار افراد نے بہتر مواقع کی تلاش میں رضاکارانہ طور پر ملازمت چھوڑ دی۔

نئے ملازمت کی تلاش کرنے والوں کی تعداد 30 ہزار بڑھ کر 5 لاکھ ہو گئی۔صرف مارچ میں بے روزگاری کی شرح گزشتہ ماہ کے 2.6 فیصد سے بڑھ کر 2.7 فیصد ہو گئی جبکہ برسرِ روزگار افراد کی تعداد 0.2 فیصد کم ہو کر موسمی طور پر ایڈجسٹ 6 کروڑ 81 لاکھ 50 ہزار رہ گئی۔

وزارت صحت، محنت و بہبود کے الگ اعداد و شمار کے مطابق مارچ میں سات شعبوں میں نئی ملازمتوں کے مواقع میں کمی دیکھی گئی جس میں سب سے زیادہ کمی انفارمیشن اور کمیونیکیشن کے شعبے میں 15.8 فیصد رہی۔

ہول سیل اور ریٹیل کے شعبے میں ملازمتوں کی پیشکش میں 6.5 فیصد کمی آئی جبکہ رہائش اور ریسٹورنٹ سروسز کے شعبے میں 6.4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔