سکولوں میں جمعہ کی چھٹی بارے سوشل میڈیا رپورٹس پر وضاحت جاری

27 April 2026 | 10:19

لاہور۔: وزیر تعلیم پنجاب نے سکولوں میں جمعہ کی چھٹی بارے سوشل میڈیا رپورٹس پر وضاحت جاری کر دی ہے۔
پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سکولوں میں جمعہ کی چھٹی کے بارے میں میڈیا رپورٹس پر ردعمل دیتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ جمعہ کی چھٹی مستقل نہیں کی جائے گی اور آئندہ چند ہفتوں میں اسے ختم کر دیا جائے گا۔
حکومتی مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت جمعہ کی چھٹی کے خاتمے کے حوالے سے وفاقی حکومت سے مشاورت کر رہی ہے۔
انہوں نے گرمیوں کی تعطیلات سے متعلق قیاس آرائیوں پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ 15 مئی کے بعد چھٹیوں میں کمی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا جس کے لیے پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی منظوری درکار ہوگی۔
جمعہ کی چھٹی عالمی توانائی بحران کے باعث ایندھن کے بڑھٹے ہوئے اخراجات کے جواب میں نظرثانی شدہ تعلیمی شیڈول کے تحت متعارف کرائی گئی ۔ اس پالیسی کے تحت اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں نے مختصر تعلیمی ہفتہ اختیار کیا جبکہ طلبہ کو جمعہ کے روز فزیکل حاضری کے بجائے آن لائن کلاسز لینے کی ہدایت دی گئی۔
واضح رہے کہ حکام نے اس اقدام کو عارضی قرار دیا جو بلند پیٹرول اور ڈیزل قیمتوں کے دوران آپریشنل اخراجات کو منظم کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا ۔ تازہ وضاحت کے مطابق جمعہ کی چھٹی ختم کر دی جائے گی اور تعلیمی ادارے معمول کے ہفتہ وار شیڈول پر واپس آئیں گے۔