روس کی خودمختاری و قومی سلامتی کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے، شمالی کوریا
پیانگ یانگ۔: شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے کہا ہے کہ ان کا ملک روس کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے جاری پالیسیوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
روسی خبر رساں ادارے تاس کے مطابق یہ بات انہوں نے گزشتہ روز روسی وزیرِ دفاع اینڈرے بیلوسوف سے پیانگ یانگ میں ملاقات کے دوران کہی۔
شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے کہا کہ روس کی فوج اور عوام اپنی منصفانہ جدوجہد میں یقینی طور پر کامیابی حاصل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل شمالی کوریائی اور روسی افواج نے مل کر روس کے سرحدی علاقے میں داخل ہونے والے مسلح جنگجوؤں کو شکست دی تھی اور کرسک ریجن کو آزاد کرایا تھا۔
کم جونگ اُن نے دونوں ممالک کے درمیان اتحادی تعلقات کو فروغ دینے پر روسی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور سمیت بدلتی ہوئی علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
