فرقہ وارانہ جھڑپوں میں 42 افراد ہلاک
یاؤندے۔: وسطی افریقی ملک چاڈ کے مشرقی صوبہ وادی-فیرا کے گاؤں ایگوٹے میں فرقہ وارانہ جھڑپوں میں کم از کم 42 افراد ہلاک اور 10 دیگر زخمی ہو گئے۔
شنہوا کے مطابق چاڈین پریس اینڈ پبلشنگ ایجنسی نے بتایا کہ یہ واقعہ ہفتہ کے روز اس وقت پیش آیا جب پانی کے ایک مقام پر دو افراد کے درمیان جھگڑا دو برادریوں کے درمیان تصادم کی شکل اختیار کر گیا۔
چاڈ کے نائب وزیر اعظم لیمانے محمد نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک وفد کے ہمراہ گاؤں کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ بدقسمتی سے ہم 42 ہلاکتوں اور 10 زخمیوں کی اطلاع دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور صورتحال قابو میں ہے۔
چاڈ میں فرقہ وارانہ جھڑپیں عام ہیں، جو اکثر زمین کے تنازعات کے باعث ہوتی ہیں۔
