پنجاب میں ڈرون کے استعمال پر پابندی عائد ، نوٹیفیکیشن جاری
لاہور۔: حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر دفعہ144 کے تحت عائد پابندی میں30 روز کی توسیع کر دی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبہ بھر میں آئوٹ ڈور ڈرون اڑانے پر مکمل پابندی برقرار ہے۔ حکومت پنجاب نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ڈرون کے استعمال پر پابندی عائد کی۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے واضح کیا کہ ہالز اور مارکیز کے اندر تقریبات کے دوران چھوٹے ڈرون کے محدود استعمال کی اجازت ہے تاہم اندرونی تقریبات میں ڈرون کے محفوظ استعمال کی ذمہ داری منتظمین پر عائد ہوگی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پابندی سے مستثنی قرار دیئے گئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ عوامی تحفظ، امن و امان کا قیام اور املاک کی حفاظت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں ڈرون اڑانے پر پابندی کا اطلاق25 مئی تک ہوگا۔محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں انتظامیہ اور پولیس کو جاری کردہ احکامات پر من و عن عملدرآمد کروانے کی ہدایت کی ہے۔
