ایئرپورٹس پر مشترکہ چیکنگ کاؤنٹرز، جدید ٹیکنالوجی کی تنصیب کا فیصلہ

22 April 2026 | 07:41

اسلام آباد۔: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت وزارت داخلہ اور وزارت دفاع کا ایک خصوصی مشترکہ اجلاس منعقد ہواجس میں ملک بھر کے ایئرپورٹس پر مسافروں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کرنے اور سکیورٹی نظام کو جدید بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

اعلیٰ سطح کے اس اجلاس میں سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ میجر جنرل نور ولی خان، ایڈیشنل سیکرٹری دفاع میجر جنرل قیصر سلیمان، ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل عبدالمعید اور ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے شرکت کی۔

جوائنٹ مسافروں کی سہولت کے لیے ایئرپورٹس پر تمام متعلقہ اداروں کے ’’جوائنٹ کاؤنٹرز‘‘ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ایک ہی مقام پر تمام مراحل مکمل ہو سکیں۔ ایئرپورٹس پر چیکنگ کے نظام کو موثر بنانے کے لیے جدید ترین سکینرز اور مشینری نصب کی جائے گی۔

اجلاس میں ای گیٹس کی تنصیب کے عمل کا جائزہ لیا گیا، جس سے امیگریشن کا عمل تیز تر ہو جائے گا۔سیکرٹری دفاع نے بتایا کہ طیاروں کو پرندوں سے ہونے والے حادثات سے بچانے کے لیے جدید ترین مشینری درآمد کی جا رہی ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے تمام اداروں کے درمیان مؤثر کوآرڈینیشن کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو جدید، تیز اور آسان سفری سہولیات فراہم کرنا ہمارا عزم ہے۔ ایک ہی سکینر پر تمام اداروں کی مشترکہ چیکنگ سے مسافروں کے وقت کی بچت ہوگی اور ایئرپورٹس پر رش اور انتظار کی کیفیت میں نمایاں کمی آئے گی۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مسافروں کی تیز تر کلیئرنس کے لیے تمام رکاوٹیں دور کی جائیں تاکہ بیرون ملک سے آنے اور جانے والے شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔