سپریم کورٹ، ہنگامی تعطیلات اور مقدمات کی سماعت سے متعلق نئے ایس او پیز جاری
اسلام آباد۔: سپریم کورٹ آف پاکستان نے غیر متوقع عوامی تعطیلات کے دوران عدالتی امور کی بلا تعطل انجام دہی اور مقدمات کی سماعت (فکسیشن) کے نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے کے لئے نئے سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) جاری کر دیئے ہیں۔
منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق اچانک یا ہنگامی طور پر اعلان کردہ عوامی تعطیلات کے دوران عدالت کے انتظامی اور عدالتی امور معمول کے مطابق جاری رہیں گے تاہم اس کے لئے کم سے کم ضروری عملہ تعینات کیا جائے گا، الا یہ کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے کوئی مختلف ہدایت جاری کی جائے۔
ایس او پیز کے تحت مقدمات کی سماعت کے لئے ترجیحی بنیادوں پر نظام وضع کیا گیا ہے جس میں فوری نوعیت کے دیوانی و فوجداری مقدمات، فیملی کیسز، ضمانت کی درخواستیں، فوجداری نظرثانی درخواستیں، 80 برس سے زائد عمر کے قیدیوں کے مقدمات، بحالی کی درخواستیں، مصالحتی نوعیت کے کیسز اور مختصر قانونی نکات پر مشتمل مقدمات کو فوقیت دی جائے گی۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مقدمات کے بوجھ میں کمی کے لئے ہر فائنل کاز لسٹ کا کم از کم 40 فیصد حصہ 2018 تک کے پرانے مقدمات پر مشتمل ہوگا جبکہ ضرورت کے مطابق بعد کے برسوں کے کیسز بھی شامل کئے جائیں گے۔ سندھ اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے وکلا کے مقدمات کے لئے خصوصی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
مزید برآں شفافیت اور مقدمات کے بروقت اندراج کو یقینی بنانے کے لئے ہفتہ وار اور مجوزہ ماہانہ کاز لسٹ جاری کرنے کے ساتھ ساتھ خودکار کیس فکسیشن سسٹم متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس سے تاخیر میں کمی اور مقدمات کے بہاؤ میں بہتری متوقع ہے۔
سپریم کورٹ کے مطابق یہ اقدامات مؤثر، ٹیکنالوجی پر مبنی اور عوام دوست نظامِ انصاف کے فروغ کے عزم کا مظہر ہیں۔ ایس او پیز کو عوامی آگاہی اور متعلقہ فریقین کی معلومات کے لئے سپریم کورٹ کی سرکاری ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔
