چین-لاؤس 500 کے وی بجلی انٹرکنیکشن منصوبہ باضابطہ طور پر فعال
وینتیان۔: چین-لاؤس 500 کے وی بجلی انٹرکنیکشن منصوبہ باضابطہ طور پر فعال ہو گیا۔شنہوا کے مطابق چین-لاؤس 500 کے وی پاور گرڈ انٹرکنیکشن منصوبے کی افتتاحی تقریب بیک وقت لاؤس کے دارالحکومت وینتیانے اور چین کے جنوب مغربی صوبہ یونان کے شہر کنمنگ میں منعقد ہوئی جو دونوں ممالک کے درمیان بجلی کے رابطے اور باہمی معاونت کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کی نشاندہی کرتی ہے۔
چین اور لاؤس کے سرکاری و کاروباری شعبوں سے تعلق رکھنے والے 100 سے زائد نمائندوں نے وینتیانے میں تقریب میں شرکت کی، جہاں لاؤس کے وزیر اعظم سونیکسائے سیپھاندون نے بٹن دبا کر منصوبے کا افتتاح کیا۔
چائنا سدرن پاور گرڈ کمپنی لمیٹڈ کے چیئرمین مینگ ژین پنگ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ یہ منصوبہ دو طرفہ بجلی کی ترسیل کی صلاحیت کو 1.5 ملین کلوواٹ تک ممکن بنائے گا۔ توقع ہے کہ یہ سالانہ اوسطاً 3 ارب کلوواٹ آور کلین انرجی فراہم کرے گا جس سے سبز اور کم کاربن توانائی نظام کی جانب منتقلی میں مدد ملے گی اور دونوں ممالک کے عوام کو جدیدیت کے ٹھوس فوائد حاصل ہوں گے۔
لاؤس کے وزیر صنعت و تجارت ملائیتھونگ کومماسِتھ نے کہا کہ یہ منصوبہ فعال ہونے کے بعد ملک کے بجلی کے شعبے میں ایک اہم حصہ بن جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس سے مقامی ترسیلی رکاوٹوں کو کم کرنے اور شمالی لاؤس میں قابل تجدید توانائی کی ترقی میں مدد ملے گی۔
اپنے خطاب میں لاؤس میں چین کی سفیر فانگ ہونگ نے اس منصوبے کو “سبز توانائی کی شریان” قرار دیا جو دوطرفہ روابط کو مضبوط بناتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین ایسے منصوبوں کو ایک نمونہ بنا کر نئی توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید گہرا کرنے، لاؤس کی توانائی منتقلی کی حمایت کرنے اور دوطرفہ تعلقات کو وسیع تر دائرہ، گہری سطح اور اعلیٰ معیار تک لے جانے کے لیے تیار ہے، جس سے مشترکہ مستقبل کے حامل چین-لاؤس کمیونٹی کی تعمیر میں مسلسل پیش رفت ہوگی۔یہ منصوبہ مشترکہ مستقبل کی کمیونٹی کی تعمیر کے لیے چین-لاؤس ایکشن پلان کے تحت ایک اہم اقدام ہے۔
اس کی تعمیر فروری 2025 میں شروع ہوئی تھی۔یہ ٹرانسمیشن لائن 177.5 کلومیٹر طویل ہے جو چین کے صوبہ یونان کو لاؤس کے شمالی صوبوں اودومزائے اور لوانگ نامتھا سے جوڑتی ہے۔
کل لمبائی میں سے 145 کلومیٹر چین میں جبکہ 32.5 کلومیٹر لاؤس میں واقع ہے۔متعلقہ حصے چائنا سدرن پاور گرڈ اور الیکٹریسٹی ڈو لاؤس ٹرانسمیشن کمپنی لمیٹڈ (EDL-T) کے ذریعے تعمیر اور آپریٹ کیے جا رہے ہیں۔
