جام کمال خان سے کاروباری وفدکی ملاقات، ای کامرس اور اسکلز ڈویلپمنٹ پر تبادلہ خیال
اسلام آباد۔: وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے معروف بزنس مین تیمور صدیق کی قیادت میں کاروباری وفد نے منگل کے روز ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔
ملاقات میں برآمدات بڑھانے کے لیے ای کامرس اور اسکلز ڈویلپمنٹ پر انحصار بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔پارلیمانی سیکرٹری برائے ثقافت و سیاحت بلوچستان نوابزادہ میر محمد زرین خان مگسی نے بھی اجلاس میں شرکت، بلوچستان میں ہنر مندی اور سیاحت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا ۔
وفاقی وزیر جام کمال خان نے کہا کہ ای کامرس، اسکلز ٹریننگ اور معیشت کی دستاویزی شکل سے برآمدات میں نمایاں اضافہ ممکن ہے، پاکستان کے پاس ٹیکسٹائل، لیدر اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات میں برآمدی ترقی کا مضبوط ڈھانچا موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی ہنر کو عالمی منڈیوں سے جوڑنے کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور پالیسی سپورٹ ضروری ہے۔ وزیر تجارت نے کہا کہ بلوچستان میں ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز کے ذریعے خواتین کو روزگار اور برآمدی مواقع میسر آ رہے ہیں،صرف تربیت کافی نہیں، مقامی مصنوعات کو ای کامرس کے ذریعے عالمی خریداروں تک پہنچانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل تجارت نے دور دراز علاقوں کے لیے نئی برآمدی راہیں کھول دی ہیں،روایتی صنعتیں جیسے قالین بافی اور دستکاری ای کامرس سے دوبارہ فروغ پا سکتی ہیں۔
جام کمال نے کہا کہ غیر دستاویزی معیشت ٹیکس دینے والے کاروبار کے لیے غیر منصفانہ مقابلہ پیدا کرتی ہے، برآمد کنندگان کے لیے ریگولیٹری نظام میں بہتری اور ٹیکس ریفنڈز کے مسائل حل کیے جا رہے ہیں،پبلک پرائیویٹ شراکت داری اور ڈیجیٹل اکانومی کے فروغ سے کاروباری ماحول بہتر بنایا جائے گا۔
