نجی شعبے کو بینکوں کے قرضہ جات کی فراہمی میں اضافہ
اسلام آباد۔: بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو قرضہ جات کی فراہمی میں مارچ کے دوران ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پراضافہ ریکارڈکیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعدادوشمارکے مطابق مارچ کے اختتام پربینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ مجموعی قرضہ جات کا حجم 10ہزار686ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو فروری کے مقابلے میں 0.7فیصد زیادہ ہے۔ فروری میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ قرضوں کا حجم 10ہزار609ار ب روپے ریکارڈکیا گیا تھا۔
گزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں رواں سال مارچ میں نجی شعبے کو فراہم کردہ قرضہ جات میں سالانہ بنیادوں پر12.2فیصد کی نمو ریکارڈکی گئی ہے ۔ گزشتہ سال مارچ میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ مجموعی قرضہ جات کا حجم 9520ارب روپے ریکارڈکیا گیاتھا ۔
اعدادوشمار کے مطابق مارچ کے اختتام تک بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کے کاروبار کوفراہم کردہ قرضہ جات کا حجم 9235ارب روپے ریکارڈکیا گیا جوفروری کے 9174ارب روپے کے مقابلے میں 0.7فیصد اور گزشتہ سال مارچ کے 8306ارب روپے کے مقابلے میں 11.2فیصد زیادہ ہے۔
اعدادوشمارکے مطابق مارچ میں بینکوں کی جانب سے پرسنل لونز کا حجم 280 ارب روپے ریکارڈکیا گیا ہے جو فروری کے 277ارب روپے کے مقابلے میں 1.1فیصد اورگزشتہ سال مارچ کے 268ارب روپے کے مقابلے میں 4.7فیصد زیادہ ہے۔
اسی طرح گھروں کی تعمیرکےلئے بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم مارچ میں 228ارب روپے ریکارڈکیا گیا جو فروری کے 224ارب روپے کے مقابلے میں 1.7فیصد اور گزشتہ سال مارچ کے 199ارب روپے کے مقابلے میں 14.1فیصد زیادہ ہے۔
کنزیومر فنانسنگ کے تحت مارچ میں فراہم کردہ مجموعی قرضہ جات کا حجم 1060ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو فروری کے 1036ارب روپے کے مقابلے میں 2.3فیصد اورگزشتہ سال مارچ کے 874ارب روپے کے مقابلے میں 21.3فیصد زیادہ ہے
