ملائیشیامیں آتشزدگی، 200 گھر جل کر خاکستر، سینکڑوں افراد بے گھر
کوالالمپور۔: ملائیشیا کی ریاست صباح کے ساحلی ضلع سینڈاکن میں اتوار کے روز آتشزدگی کے ایک بڑے واقعے میں تقریباً 200 گھر جل کر خاکستر ہو گئے، جس کے نتیجے میں سینکڑوں افراد بے گھر ہو گئے۔
رائٹرز کے مطابق فائر اینڈ ریسکیو حکام کو آگ لگنے کی اطلاع مقامی وقت کے مطابق رات 1 بج کر 32 منٹ پر ملی۔ حکام کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں اور گھروں کے قریب قریب ہونے کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیل گئی۔

فائر بریگیڈ کے ضلعی سربراہ جمی لاگونگ کے مطابق یہ واقعہ ساحلی “واٹر ولیج” میں پیش آیا، جہاں لکڑی کے گھر ستونوں پر بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کم جوار کی وجہ سے پانی کے ذریعے آگ بجھانے میں بھی مشکلات پیش آئیں۔
ابتدائی غیر سرکاری اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 445 افراد کو عارضی ریلیف مرکز میں منتقل کیا گیا ہے۔
ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت صباح حکام کے ساتھ مل کر متاثرین کو بنیادی امداد اور عارضی رہائش فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ترجیح متاثرین کی حفاظت اور فوری امداد کی فراہمی ہے۔
