وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیرصدارت راولپنڈی ڈویژن کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس
راولپنڈی،: صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے پیکٹا اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے راولپنڈی ڈویژن کے تمام اضلاع کی تعلیمی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں ڈویژن کے تمام اضلاع کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے چیف ایگزیکٹو افسران نے تعلیمی کارکردگی اور جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی کے سربراہ محمد یاسین خان بلوچ نے سہولیات کی کمی، سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) اسکیموں اور انرولمنٹ سے متعلق پیش رفت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے اجلاس کو تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ضلعی سطح پر کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر تعلیم نے راولپنڈی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے محمد یاسین خان بلوچ کی قیادت میں کیے گئے اقدامات کی تعریف کی۔
رانا سکندر حیات نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت تعلیمی شعبے میں اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں کو تیز کرے گی تاکہ ہر بچے کو معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
اجلاس کے اختتام پر ڈویژن بھر میں تعلیمی شعبے کی مزید بہتری کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔
