پی ایس ایل میں پہلی بار شرکت نہایت خوشگوار اور یادگار تجربہ ہے، ڈیون کونوے

12 April 2026 | 14:02

لاہور۔:نیوزی لینڈ کے کرکٹر ڈیون کونوے نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں پہلی بار شرکت ان کے لیے نہایت خوشگوار اور یادگار تجربہ ہے ، اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ بن کر وہ خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں،جہاں بہترین ساتھی کھلاڑی میسر آئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ لیگ میں شرکت سے قبل انہوں نے مارک چیپمین، ڈیرل مچل اور کوچ لیوک رونکی سے تفصیلی مشاورت کی،جس سے انہیں یہاں کے حالات اور مسابقتی ماحول کو سمجھنے میں مدد ملی۔

ڈیون کونوے کا کہنا تھا کہ وہ اس سے قبل بھی نیوزی لینڈ کی قومی ٹیم کے ہمراہ کراچی، اسلام آباد اور لاہور کا دورہ کر چکے ہیں اور پاکستان میں گزارا گیا وقت ہمیشہ خوشگوار رہا۔انہوں نے پاکستانی عوام کی مہمان نوازی، مقامی کھانوں کے ذائقے اور رہائش کی سہولیات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں کے لوگ نہایت ملنسار اور خوش اخلاق ہیں۔

انہوں نے ماضی کی یادوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چند برس قبل نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کے دوران کراچی میں کھیلا گیا ٹیسٹ میچ ان کے لیے ایک یادگار موقع تھا جس کی خوشگوار یادیں آج بھی ان کے ذہن میں تازہ ہیں۔

پاکستان سپر لیگ میں مقابلے کے معیار پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لیگ میں فاسٹ بولرز کی کارکردگی غیر معمولی رہی ہے اور ہر ٹیم کے پاس ایسے معیاری بائولرز موجود ہیں جو 140 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے گیند کرتے ہیں۔

ان کے مطابق مختلف ٹیموں کی جانب سے200 سے زائد رنز کے مجموعے اس بات کا ثبوت ہیں کہ پچز بیٹنگ کے لیے بھی سازگار اور متوازن رہی ہیں۔انہوں نے نوجوان کرکٹر سمیر منہاس کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باصلاحیت بلے باز ہیں جو ٹاپ آرڈر میں نمایاں کارکردگی دکھانے کی اہلیت رکھتے ہیں جبکہ اسکواڈ میں نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر کام کرنا ایک مفید اور دلچسپ تجربہ ہے۔