چین اور روس اقوام متحدہ کی ساکھ بحال کرنے کے لیے مل کر کام کریں، شی جن پنگ

15 April 2026 | 10:15

بیجنگ۔: چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین اور روس کو عالمی سطح پر اقوام متحدہ کی ساکھ بحال کرنے اور کثیرالجہتی نظام کے فروغ کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنا چاہیے۔

شنہوا کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے یہ بات بیجنگ میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو کثیرالجہتی تعاون کو مضبوط بناتے ہوئے عالمی نظام کو زیادہ منصفانہ اور متوازن سمت میں آگے بڑھانا چاہیے۔

شی جن پنگ نے کہا کہ چین اور روس کو باہمی اعتماد کو فروغ دیتے ہوئے ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنی چاہیے اور اسٹریٹجک استحکام برقرار رکھنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو شنگھائی تعاون تنظیم اور برکس جیسے فورمز کے ذریعے قریبی تعاون کو مزید وسعت دینی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال میں چین اور روس کو اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا ہوگا تاکہ اپنے جائز مفادات کا تحفظ کیا جا سکے اور گلوبل ساؤتھ کے ممالک کے اتحاد کو تقویت دی جا سکے۔چینی صدر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک اپنی جغرافیائی قربت اور باہمی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جامع تعاون کو فروغ دیں اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں مشترکہ کردار ادا کریں۔

واضح رہے کہ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی سطح پر بدلتے ہوئے سیاسی اور سفارتی حالات کے تناظر میں بڑی طاقتوں کے درمیان تعاون اور مسابقت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔