پاکستان سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی
اسلام آباد۔: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر ہی نمایاں تیزی دیکھنے میں آئی جس کے نتیجے میں ہنڈرڈ انڈیکس 4000 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 1,64,683 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
یہ پیش رفت گزشتہ کاروباری روز کے برعکس ہے جب مارکیٹ میں شدید مندی دیکھنے میں آئی تھی اور انڈیکس 6600 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 1,60,591 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
ماہرین کے مطابق سٹاک مارکیٹ میں یہ تیزی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی، مثبت معاشی توقعات اور علاقائی مارکیٹوں میں بہتری کے باعث سامنے آئی ہے۔
دوسری جانب آ بنائے ہرمز میں کشیدگی کے باوجود ایشیائی سٹاک مارکیٹوں میں بھی مثبت رجحان دیکھنے میں آیا۔جاپان کے نکی انڈیکس میں ڈھائی فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا، تھائی لینڈ کے سیٹ انڈیکس میں بھی ایک فیصد کی تیزی دیکھنے میں آئی جبکہ چین کے شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس میں 0.55 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے علاوہ ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں 0.43 فیصد کی تیزی اور ملائیشیا کے فٹسی برسا انڈیکس میں بھی معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی اور علاقائی سطح پر مارکیٹوں میں استحکام کا رجحان پاکستان سٹاک مارکیٹ کے لیے مثبت اشارہ ہے، تاہم سرمایہ کاروں کو محتاط حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔
