جنوبی کوریا کی آئی سی ٹی برآمدات میں ریکارڈ 151 فیصد اضافہ
سیئول۔ جنوبی کوریا کی انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) مصنوعات کی برآمدات گزشتہ ماہ ریکارڈ بلند سطح پر پہنچ گئیں جس کی وجہ سیمی کنڈکٹرز کی بڑھتی ہوئی طلب ہے۔
شنہوا کے مطابق منگل کو وزارت تجارت، صنعت و وسائل کے مطابق مارچ میں آئی سی ٹی مصنوعات کی برآمدات گزشتہ سال کے مقابلے میں 112 فیصد بڑھ کر 43.51 ارب امریکی ڈالر ہو گئیں اور یہ ایک ماہ میں پہلی بار 40 ارب ڈالر کی حد سے تجاوز کر گئیں۔
آئی سی ٹی برآمدات فروری 2025 سے مسلسل 14ویں ماہ اضافہ ریکارڈ کر رہی ہیں۔چپ کی برآمدات پہلی بار 30 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں اور یہ 151.4 فیصد اضافے کے ساتھ 32.84 ارب ڈالر رہیں، اس اضافے کی وجہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بنیادی ڈھانچے میں عالمی سرمایہ کاری ہے جس نے میموری چپس کی طلب اور قیمتوں میں اضافہ کیا۔
ڈسپلے پینلز کی برآمدات 9.3 فیصد کم ہو کر 1.49 ارب ڈالر رہ گئیں، تاہم موبائل فونز کی برآمدات نئی مصنوعات کی مضبوط طلب کے باعث 57 فیصد بڑھ کر 1.54 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
کمپیوٹرز اور ان کے آلات کی برآمدات 174.1 فیصد بڑھ کر 3.59 ارب ڈالر ہو گئیں جبکہ کمیونیکیشن آلات کی برآمدات 5.8 فیصد کم ہو کر 210 ملین ڈالر رہ گئیں۔
مارچ میں آئی سی ٹی مصنوعات کی درآمدات سالانہ بنیاد پر 32.2 فیصد بڑھ کر 16.15 ارب ڈالر ہو گئیں جس سے آئی سی ٹی صنعت میں تجارتی سرپلس 27.36 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔
چپس، موبائل فونز اور کمپیوٹرز کی درآمدات میں دو ہندسی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ڈسپلے پینلز اور کمیونیکیشن آلات کی درآمدات میں یک ہندسی اضافہ دیکھا گیا۔
