اسلام آباد: وفاقی تعلیمی بورڈ کی کنٹرولر (ٹیسٹ ایڈمنسٹریشن) فاطمہ طاہرہ نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں جاری سفارتی سرگرمیوں کے پیش نظر طلبہ اور عملے کی سہولت اور سکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے اسلام آباد کے تین امتحانی مراکز میں 9 اور 10 اپریل کو ہونے والے میٹرک کے پرچے عارضی طور پر مؤخر کیے گئے ہیں، ان کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
وفاقی تعلیمی بورڈ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد کے تین امتحانی مراکز پر ہونے والے پرچے عارضی طور پر مؤخر کیے گئے ہیں۔
متاثرہ مراکز میں اسلام آباد ماڈل سکول فار بوائز جی-6/4 (سینٹر اے: 1296 اور سینٹر بی: 9133) اور اسلام آباد ماڈل سکول فار گرلز پرائم منسٹر اسٹاف کالونی جی-5 (سینٹر کوڈ: 1375) شامل ہیں۔
کنٹرولر ٹیسٹ ایڈمنسٹریشن فاطمہ طاہرہ نے طلبہ اور والدین کو ہدایت کی ہے کہ وہ تازہ ترین معلومات کے لیے بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلانات پر نظر رکھیں اور کسی بھی قسم کی افواہوں پر کان نہ دھریں۔
تعلیمی حلقوں نے امتحانات کے التوا کے فیصلے کو موجودہ حالات کے تناظر میں ایک ضروری اقدام قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نئی تاریخوں کا اعلان جلد کر دیا جائے گا تاکہ طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔







