اسلام آباد:عالمی سطح پر امریکا ایران جنگ بندی میں مؤثر اور نتیجہ خیز سفارتکاری پر پاکستان کی بھرپور پذیرائی جاری ہے،مختلف ممالک کی اہم شخصیات کی جانب سے مثبت ردعمل میں پاکستانی وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی بھرپور تعریف کی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چین نےایران امریکا جنگ بندی میں پاکستان کے مؤثر کردار کو بھر پور انداز میں سراہا ہے،آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے جنگی بندی میں پاکستان کے احسن کردار پر شکریہ ادا کیاہے۔

آسٹرین چانسلرکرسچن اسٹوکرنے کہا کہ شدید بحران اور تباہ کن اثرات رکھنے والی جنگ کو رکوانےپر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں،کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے بھی پاکستان کے بطور ثالث شاندار کردار پر شکریہ ادا کیاہے،سعودی عرب نے امن و امان کیلئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے احسن کردار کو سراہاہے۔

جرمن چانسلر فریڈریخ مرزنے کہا کہ جنگ بندی کیلئے پاکستان کی بطور ثالث انتھک محنت پر شکر گزار ہیں،وزیر خارجہ نیوزی لینڈ ونسٹن پیٹرزنے کہا کہ نیوزی لینڈ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کیساتھ ساتھ پاکستان کے بھرپور کردار کو بھی سراہتا ہے،یورپی کونسل اور یورپی یونین کمیشن کی صدور نے بھی ایران امریکا جنگ بندی کیلئے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو سراہاہے

برطانیہ، فرانس ، اٹلی ، جرمنی ، کینیڈا ، ڈنمارک ، نیدر لینڈز، اسپین اور جاپان نے بھی مشترکہ بیان میں پاکستان کا شکریہ ادا کیا،قازقستان ، ملائیشیا کے صدور ناروے اورسویڈن کے وزرائے خارجہ نے بھی پاکستان کی بہترین سفارتکاری کو خوب سراہاہے

قطر،عمان، پرتگال، رومانیہ سمیت متعدد ممالک نے بھی پاکستان کی امن کوششوں کو قابل ِتحسین قرار دیا ہے۔

عالمی تجزیہ کاروں کے مطابق شدید جنگی حالات میں امن کا راستہ نکالنا پاکستان کی بہترین سفارتکاری اور مؤثر ملٹری ڈپلومیسی کا واضح ثبوت ہے،جنگ بندی کے بعد بطور ذمہ دار ریاست پاکستان کے اعتماد اور وقار میں عالمی سطح پر بھرپور اضافہ ہوا ہے،پاکستان نے نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی سطح پر بھی امن و امان کے قیام کے لیے سنجیدہ اور فعال کردار ادا کیاہے۔