سالٹ مینوفیکچررز کا پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ اسکیم کا خیر مقدم، عالمی برانڈ بنانے کی جانب اہم پیشرفت قرار
سالٹ مینوفیکچررز کا پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ اسکیم کا خیر مقدم
کراچی۔:سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن پاکستان (ایس ایم اے پی) کے بانی چیئرمین اسماعیل ستار نے چیف منسٹر پنجاب پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ اسکیم کو پاکستان کی معدنی صنعت کے لیے ایک تاریخی اور قابلِ تحسین اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اسکیم پاکستانی پنک سالٹ کو عالمی برانڈ بنانے، ویلیو ایڈڈ برآمدات بڑھانے، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی ۔ اسماعیل ستار نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے زیرو مارک اپ پر 50 ملین روپے (5 کروڑ روپے) تک آسان قرضوں کی فراہمی سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو جدید ویلیو ایڈیشن، پروسیسنگ، پیکیجنگ اور برآمدی معیار کی مصنوعات تیار کرنے میں نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔ اس اقدام سے پاکستان کا اعلیٰ معیار کا پنک سالٹ خام مال کے بجائے ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی صورت میں عالمی منڈیوں تک پہنچے گا، جس سے قیمتی زرمبادلہ میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے بہترین پنک سالٹ کے ذخائر کا حامل ہے تاہم حقیقی معاشی فوائد اسی وقت حاصل ہوں گے جب خام نمک برآمد کرنے کے بجائے ویلیو ایڈڈ مصنوعات، جدید برانڈنگ اور عالمی معیار کی پیکیجنگ کو فروغ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ پاکستان کو عالمی پنک سالٹ مارکیٹ میں ایک مضبوط اور ممتاز مقام دلانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔اسماعیل ستار کا کہنا تھاکہ ایسی اسکمیں ملک بھر میں تسلسل کے ساتھ نافذ کی جائیں تو پاکستان آئندہ چند برسوں میں عالمی پنک سالٹ مارکیٹ میں نمایاں برآمد کنندہ اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کا ایک معتبر عالمی برانڈ بن سکتا ہے جس سے نہ صرف برآمدات بلکہ قومی معیشت کو بھی دیرپا فوائد حاصل ہوں گے۔
