اسلام آباد: یورپی یونین کے رکن ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کے پہلے 9ماہ میں سالانہ بنیادوں پر20فیصداضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے مارچ تک کی مدت میں جرمنی، فرانس، اٹلی، سپین، ہالینڈ اور یورپی یونین کے دیگررکن ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 3.917ارب ڈالرزرمبادلہ ملک ارسال کیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 20فیصد زیادہ ہے،گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یورپی یونین کے رکن ممالک سے ترسیلات زرکاحجم 3.267ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا،مارچ میں یورپی یونین کے رکن ممالک سے ترسیلات زرکاحجم 414ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوفروری کے 395ملین ڈالرکے مقابلہ میں 5فیصدزیادہ اورگزشتہ سال مارچ کے433ملین ڈالرکے مقابلہ میں 4فیصدکم ہے،

واضح رہے کہ مالی سال کے پہلے 9ماہ میں سمندرپارپاکستانیوں کی مجموعی ترسیلات زرکاحجم 30.321ارب ڈالرریکارڈکیاگیاہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے28.030ارب ڈالرکے مقابلہ میں 8فیصدزیادہ ہے۔