
اسلام آباد: پاکستان نے لبنان کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں بے گناہ جانوں کے ضیاع اور انفراسٹرکچر کی وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔
جمعرات کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی اقدامات خطے میں امن و استحکام کے قیام کےلئے جاری بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور یہ بین الاقوامی قانون اور بنیادی انسانی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
بیان میں پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ لبنان کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کےلئے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اس مشکل وقت میں لبنان کی حکومت اور عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے اور لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے ساتھ ساتھ اس کے امن و استحکام کی حمایت کرتا ہے۔










