
واشنگٹن: امریکا کی پیشہ ور باسکٹ بال ٹیم ڈیلاس ونگز نے اعلان کیا ہے کہ چین سے تعلق رکھنے والی سینٹر پوزیشن کی کھلاڑی لی یورو نے ڈبلیو این بی اے ٹیم کی جانب سے دی گئی کوالیفائنگ پیشکش قبول کر لی ہے۔
شنہوا کے مطابق لی یورونے سال 2025 کے سیزن میں ڈیلاس ونگز اور سیٹل سٹورم کی نمائندگی کرتے ہوئے اوسطاً 6 پوائنٹس اور 4.5 ریباؤنڈز حاصل کیے تھے۔
انہوں نے گزشتہ سال 12 اگست کو انڈیانا فیور کے خلاف میچ میں 20 پوائنٹس سکور کر کے اپنے کیریئر کا بہترین ریکارڈ قائم کیا تھا، تاہم اس کے چند روز بعد ہی وہ گھٹنے کی انجری کا شکار ہو کر پورے سیزن کے لئے کھیل سے دور ہو گئی تھیں۔
صحت یابی کے بعد لی یورو نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے مسٹ بی سی کو تھری بائی تھری ان رائیولڈ لیگ کا ٹائٹل جتوانے میں مدد دی جبکہ مارچ میں انہوں نے چینی ٹیم کو فیبا ویمنز ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کروانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
لی یورو اور ڈیلاس ونگز کے درمیان طے پانے والا یہ حالیہ معاہدہ ٹریننگ کیمپ کی بنیاد پر ہے جس کا مقصد کھلاڑی کی فٹنس اور کارکردگی کا جائزہ لینا ہے۔ ڈیلاس ونگز کی ٹیم اپنا پہلا پری سیزن میچ 30 اپریل کو انڈیانا فیور کے خلاف کھیلے گی۔









